آئی سی سی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ جاری ، بلے بازوں میں سٹیون سمتھ بدستور پہلے نمبر پر براجمان

بالرز میں جیمز اینڈرسن ،آل رائونڈرز میں شکیب الحسن سرفہرست ، بلے بازوں میں اظہر علی کا 9واں نمبر ہے

بدھ 22 نومبر 2017 20:17

آئی سی سی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ جاری ، بلے بازوں میں سٹیون سمتھ بدستور پہلے نمبر پر براجمان
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2017ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں بلے بازوں میں سٹیون سمتھ، بالرز میں جیمز اینڈرسن اور آل رائونڈرز میں شکیب الحسن بدستور سرفہرست ہیں۔آئی سی سی نے بھارت اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ ختم ہونے کے بعد تازہ ترین پلیئرز رینکنگ جاری کر دی جس کے مطابق سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں سنچریوں کی نصف سنچری مکمل کرنے والے بھارتی کپتان ویرات کوہلی ایک درجہ ترقی کے ساتھ پانچویں نمبر پر آگئے، اظہر علی کا 9واں نمبر ہے، شیکھر دھون نے 2درجے ترقی کے ساتھ 28ویں پوزیشن حاصل کرلی، بھارتی بالر بھنشور کمار نے 8درجے ترقی پا کر کیریئر بہترین 29واں نمبر پا لیا۔

بلے بازوں میں سٹیون سمتھ بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں، جوروٹ دوسرے، کین ولیمسن تیسرے اور چیشتور پوجارا چوتھے نمبر پر برقرار ہیں، کوہلی نے ایک درجہ ترقی کے ساتھ ڈیوڈ وارنر کو پانچویں سے چھٹی پوزیشن پر دھکیل دیا، ہاشم آملہ ساتویں، لوکیش راہول آٹھویں، اظہر علی نویں اور ایلسٹرکک دسویں نمبر پر چلے گئے۔

(جاری ہے)

، دھون 2 درجے ترقی پا کر 28ویں نمبر پر آ گئے، بالرز میں انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن سرفہرست ہیں، بھارتی سپنر روندرا جدیجہ ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے، کاگیسوربادا نے دوسرا نمبر پا لیا، ایشون چوتھے اور ہیراتھ پانچویں نمبر پر ہیں، بھنشور کمار جنہوں نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 8وکٹیں لیں تھیں، 8درجے ترقی پا کر کیریئر بہترین 29 ویں نمبر پر آ گئے۔

آل رائونڈرز میں شکیب الحسن پہلے، جدیجہ دوسرے، بین سٹوکس تیسرے، ایشون چوتھے اور معین علی پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
وقت اشاعت : 22/11/2017 - 20:17:53