آئرلینڈ اور پاکستان کے درمیان تاریخی ٹیسٹ کی میزبانی مالاہائیڈ کو مل گئی

ہمیں اس بات پر خوشی ہے کہ مالائیڈ نے پاکستان کیخلاف ہمارے اس تاریخی میچ کی میزبانی پر رضامندی ظاہر کردی، چیف ایگزیکٹو آئرلینڈ کرکٹ بورڈ

جمعرات 23 نومبر 2017 19:52

آئرلینڈ اور پاکستان کے درمیان تاریخی ٹیسٹ کی میزبانی مالاہائیڈ کو مل گئی
؂ڈبلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 نومبر2017ء) آئرلینڈ اور پاکستان کے درمیان تاریخی ٹیسٹ کی میزبانی مالاہائیڈ کو مل گئی۔آئندہ برس مئی میں آئرلینڈ پاکستان کیخلاف تاریخ کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گا، اگرچہ آئرش ٹیم 2006 سے ون ڈے کرکٹ میں حصہ لے رہی ہے تاہم اسے رواں برس جون میں افغانستان کے ساتھ ٹیسٹ اسٹیٹس دیا گیا تھا۔کرکٹ آئرلینڈ کا کہنا ہے کہ تاریخ کے اس پہلے ٹیسٹ کی میزبانی ڈبلن کے قریب واقع مالاہائیڈ کلب کریگا۔

اس سلسلے میں بیلفاسٹ کا اسٹورمونٹ اور ڈیری کا بریڈی کلب بھی امیدواروں میں شامل تھا تاہم مالاہائیڈ کو شروع سے ہی مضبوط امیدوار سمجھا گیا،آخر میں میزبانی بھی اس کے ہی حصے میں آئی۔کرکٹ آئرلینڈ کے چیف ایگزیکٹیو وارین ڈیوٹروم نے کہاکہ ہمیں اس بات پر خوشی ہے کہ مالائیڈ نے پاکستان کیخلاف ہمارے اس تاریخی میچ کی میزبانی پر رضامندی ظاہر کردی ہے، اگرچہ اس کلب نے ہمارے چند ہی میچز کا انعقاد کیا تاہم ہمیں یہاں کافی لطف آیا اورکھیلنے کی خوشگوار یادیں موجود ہیں، ہمیں پورا یقین ہے کہ 11 مئی کو شروع ہونے والا میچ بھی یادگار ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

ادھر مالاہائیڈ کے چیئرمین سیارین کیوہین نے کہاکہ ہمارا کلب آئرلینڈ کے اس پہلے ٹیسٹ کی میزبانی کرنے کے حوالے سے کافی خوش ہے، ہم دونوں ہی ٹیموں کو اپنے اس شہر میں خوش آمدید کہنے کے منتظر ہیں، یہ نہ صرف آئرش کرکٹ بلکہ مالاہائیڈ کیلیے بھی بہترین ایونٹ ثابت ہوگا۔۔
وقت اشاعت : 23/11/2017 - 19:52:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :