مسلسل ٹونٹی ٹونٹی میچز میں نصف سنچریاں ،کامران اکمل نے عالمی ریکارڈ برابر کردیا

جمعہ 24 نومبر 2017 11:18

مسلسل ٹونٹی ٹونٹی میچز میں نصف سنچریاں ،کامران اکمل نے عالمی ریکارڈ برابر کردیا
راولپنڈی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24نومبر2017ء)قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے بازکامران اکمل نے نیشنل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے دوران عالمی ریکارڈ برابر کردیا ہے۔راولپنڈی میں کھیلے جارہے ٹورنامنٹ میں کامران اکمل لاہور وائٹس کی نمائندگی کررہے ہیں اور آج اسلام آباد کیخلاف کھیلے گئے میچ میں وکٹ کیپر بلے باز نے14چوکوں اور12چھکوں کی مدد سے 71گیندوں پر 150رنز کی اننگز کھیلی جو ان کی مسلسل 5ویں 50پلس اننگز ہے ۔

ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں آج تک کسی پاکستانی بلے باز نے مسلسل 5اننگز میں نصف سنچریاں سکور نہیں کیں ۔ ایونٹ کے پہلے میچ میں کامران اکمل بغیر کوئی رن بنائے پوویلین لوٹے اور ایک میچ بارش کے باعث مکمل نہ ہوسکا تاہم کراچی وائٹس کے خلاف میچ میں انہوں نے 34گیندوں پر 6چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 52رنز سکور کیے،فاٹا کیخلاف انہو ں نے محض29گیندوں پر 10چوکوں اور2چھکوں کی مدد سے 63رنز کی اننگ کھیلی جب کہ راولپنڈی کیخلاف مقابلے میں 35سالہ وکٹ کیپر بلے باز نے 37گیندوں پر 7چوکوں اور2چھکوں کی مددسے 65رنز سکور کیے۔

(جاری ہے)

کامران اکمل اس ٹورنامنٹ میں اب تک مجموعی طور پر 140گیندوں پر28چوکوں اور12چھکوں کی مدد سے232رنز سکور کرچکے ہیں اور زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میںتیسرے نمبر پر موجود ہیں۔یاد رہے کہ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں مسلسل زیادہ نصف سنچریاں سکور کرنے کا ریکارڈ مشترکہ طور پر بھارت کے وریندر سہواگ اور زمبابوے کے ہیملٹن مساکاڈزا کے پاس ہے جنہوں نے مسلسل5،5 اننگز میں نصف سنچریاں سکور کررکھی ہیں ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے عثمان خواجہ (آسٹریلیا)،شائیمان انور(متحدہ عرب امارات) اور سکندر رضا(زمبابوے) نے بھی مسلسل 4،4نصف سنچریاں سکور کررکھی ہیں تاہم انہوں نے یہ ریکارڈ کسی اور ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے بنایا ہے ۔ 
وقت اشاعت : 24/11/2017 - 11:18:27