ایشز، انگلینڈ برسبین ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 302 رنز بناکر آئوٹ، ڈیوڈ ملان کی نصف سنچری

آسٹریلیا نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنالئے، سٹیون سمتھ 64 اور شان مارش 44 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ

جمعہ 24 نومبر 2017 14:23

برسبین۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2017ء) انگلش ٹیم ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 302 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ ڈیوڈ ملان نے نصف سنچری سکور کی۔ مچل سٹارک اور پیٹ کمنز نے تین، 3 وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلیا نے کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنا لئے اور اسے اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے 137 رنز درکار ہیں۔

سٹیون سمتھ 64 اور شان مارش 44 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 196 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو ڈیوڈ ملان 28 اور معین علی 13 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں کے مابین 83 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ ڈیوڈ ملان 56 رنز بناکر مچل سٹارک کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

249 کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کی چھٹی وکٹ گر گئی جب معین علی 38 رنز بناکر نیتھن لائن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

اس کے بعد انگلینڈ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 302 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ جونی بیئرسٹو 9 ، کرس ووکس صفر، سٹورٹ براڈ 20 اور جیک بال 14 رنز بنا سکے۔ مچل سٹارک اور پیٹ کمنز نے تین، تین جبکہ نیتھن لائن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلیا نے کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنا لئے اور اسے اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لئے 137 رنز درکار ہیں۔ کیمرون بنکرافٹ 5 ، ڈیوڈ وارنر 26 ، عثمان خواجہ 11 اور پیٹر ہینڈزکامب 14 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ کپتان سٹیون سمتھ 64 اور شان مارش 44 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ جیمز اینڈرسن، سٹورٹ براڈ، معین علی اور جیک بال نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 24/11/2017 - 14:23:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :