شاہد آفریدی فائونڈیشن کے اشتراک سے 24 دسمبر کو اقبال سٹیڈیم میں ٹی 10 کرکٹ چیریٹی میچ کھیلا جائے گا

ٹی۔10 کرکٹ میچ پہلی بار متعارف کرایا جارہا ہے جسکی کرکٹ کی دنیا میں اس سے قبل کوئی مثال نہیں ہے، اس چیریٹی میچ میں شاہد آفریدی سمیت قومی کرکٹ ٹیم کے نمایاں کھلاڑی بھی کھیلیں گے

جمعہ 24 نومبر 2017 15:21

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 نومبر2017ء) ضلعی انتظامیہ اور شاہد آفریدی فائونڈیشن کے اشتراک سے 24 دسمبر کو اقبال سٹیڈیم میں ٹی 10 کرکٹ چیریٹی میچ کھیلا جائے گا ۔ ٹی۔10 کرکٹ میچ پہلی بار متعارف کرایا جارہا ہے جسکی کرکٹ کی دنیا میں اس سے قبل کوئی مثال نہیں ہے ۔ اس چیریٹی میچ میں شاہد آفریدی سمیت قومی کرکٹ ٹیم کے نمایاں کھلاڑی بھی کھیلیں گے ۔

ڈپٹی کمشنر سلمان غنی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد آفریدی فائونڈیشن ذیشان افضل نے اقبال سٹیڈیم میں میڈیا نمائندگان کو ٹی ۔ 10 کرکٹ چیریٹی میچ کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایف ایس انٹرٹیمنٹ عبدالوہاب ‘ کیئرٹیکر اقبال سٹیڈیم نوید نذیر و دیگربھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹی ۔ 10 کرکٹ چیریٹی میچ اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں انعقاد کے لئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے دی گئی دعوت کو قبول کرنے پر شاہد آفریدی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس میچ کے کامیاب انعقاد کے لئے تمام ضروری انتظامات اور شائقین کو بھر پور سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تعلیم ‘ صحت ‘ پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور دیگر سماجی شعبوں میں شاہد آفریدی فائونڈیشن کی فلاحی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ اس خیراتی میچ کے انعقاد سے خاطر خواہ فنڈز جمع ہونگے جو محروم طبقات کی امداد اور سماجی ترقی پر خرچ کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سماجی بھلائی کے لئے کام کرنے والے اداروں سے بھر پور تعاون جاری رکھے گی ۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد آفریدی فائونڈیشن ذیشان افضل نے بتایا کہ ٹی۔ 10 کرکٹ میچ شائقین کے لئے بڑی دلچسپی اور خوشی کا باعث ہو گا جو کہ دنیا بھر میں پہلی بار متعارف کرایا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے عطیات جمع کرنے کی مہم کے سلسلے میں اس میچ کی ٹکٹیں شرٹ کی صورت میں فروخت ہونگی ۔ انہوں نے اس میچ کے لئے فیصل آباد مدعو کرنے پر ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ شاہد آفریدی فائونڈیشن کے زیر اہتمام غریب و مستحق طلباء کے لئے تعلیمی اداروں کے قیام ‘ صحت کی سہولیات اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت انسانی بھلائی کے لئے دیگر خدمات سرانجام دی جارہی ہیں اور وہ فیصل آباد میں غریب بچوں کے لئے سکول کے قیام کا ارادہ رکھتے ہیں ۔

انہوں نے امید ظاہر کی ٹی ۔10 چیریٹی میچ میں شائقین کرکٹ اور عام شہری بھر پور انداز میں شرکت کرکے بھلائی کے کاموں میں اپنا حصہ ڈالیں گے ۔
وقت اشاعت : 24/11/2017 - 15:21:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :