فیڈریشن نے کامن ویلتھ گیمز کے تربیتی کیمپ میں گول کیپر عمران بٹ کو بلانے کا گرین سگنل دیدیا

جمعہ 24 نومبر 2017 16:38

فیڈریشن نے کامن ویلتھ گیمز کے تربیتی کیمپ میں گول کیپر عمران بٹ کو بلانے کا گرین سگنل دیدیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2017ء)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کامن ویلتھ گیمز کے تربیتی کیمپ میں گول کیپر عمران بٹ کو بلانے کا گرین سگنل دیدیا ، فٹنس بہتر ہونے کی صورت میں ٹیم میں شامل کرلیا جائے گا ۔ گول کیپر عمران بٹ نے رواں سال فروری میں اس وقت کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید پر سنجیدہ الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھاکہ قومی ٹیم ان کی کوچنگ میں جیتنے کی بجائے تنزلی کا شکار ہوگی ۔

میڈیا میں عمران بٹ کی بیان بازی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سمجھی گئی ۔

(جاری ہے)

اس کے بعد گول کیپر کسی تربیتی کیمپ میں جگہ بھی نہیں بنا سکے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ورلڈ ہاکی لیگ میں ٹیم کی شکست کے بعد خواجہ محمد جنید کو بھی ہٹا دیا گیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق دورہ آسٹریلیا میں شکست کے بعد ہاکی فیڈریشن نے عمران بٹ کو تربیتی کیمپ میں شامل کرنے کے حوالے سے گرین سگنل دے دیا ہے ۔ قومی ہاکی ٹیم کے لئے اگلا ٹورنامنٹ کامن ویلتھ گیمز جس کا میلہ آئندہ سال 5 اپریل کو شروع ہوگا ۔ 10 دسمبر سے نیشنل ہاکی چمپئن شپ شروع ہونی ہے جس کے بعد کامن ویلتھ گیمز کے لیے تربیتی کیمپ لگایا جائے گا ۔
وقت اشاعت : 24/11/2017 - 16:38:30