کامران اکمل اور سلمان بٹ نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں بڑی اوپننگ شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، دونوں بلے بازوں نے اوپننگ شراکت میں ناقابل شکست 209 رنز جوڑے

جمعہ 24 نومبر 2017 16:59

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2017ء) پاکستانی کرکٹرز کامران اکمل اور سلمان بٹ نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں بڑی اوپننگ شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، دونوں بلے باز راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری قومی ٹی ٹونٹی کپ میں لاہور وائٹس کی نمائندگی کر رہے ہیں اور انہوں نے جمعہ کو اسلام آباد کے خلاف کھیلے گئے میچ میں انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اوپننگ شراکت داری میں 209 رنز جوڑ کر یہ سنگ میل عبور کیا، کامران اکمل نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف بائولرز کا بھرکس نکال دیا، انہوں نے 71 گیندوں پر 12 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 150 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ سلمان بٹ نے 55 رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے، کامران اور سلمان نے ٹی ٹونٹی میں بڑی اوپننگ شراکت داری کا کینٹ کے بلے بازوں جوئے ڈینلی اور ڈینل بیل ڈرومونڈ کا ریکارڈ توڑ ڈالا، دونوں بلے بازوں نے رواں برس کے شروع میں نیٹ ویسٹ ٹی ٹونٹی میچ میں 207 رنز کی اوپننگ شراکت جوڑ کر تاریخ رقم کی تھی۔

وقت اشاعت : 24/11/2017 - 16:59:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :