ایشز سیریز، آسٹریلیا برسبین ٹیسٹ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 328 رنز بناکر آئوٹ، سٹیون سمتھ کی 141 رنز کی ناقابل شکست اننگز

ہفتہ 25 نومبر 2017 16:40

ایشز سیریز، آسٹریلیا برسبین ٹیسٹ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 328 رنز بناکر آئوٹ، سٹیون سمتھ کی 141 رنز کی ناقابل شکست اننگز
برسبین ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2017ء) ایشز سیریز، آسٹریلوی کرکٹ ٹیم برسبین ٹیسٹ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 26 رنز کی برتری کے ساتھ 328 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، سٹیون سمتھ نے 141 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ سٹورٹ براڈ نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 32 رنز بنا لئے اور اسے 7 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

مارک سٹونمین 19 اور جو روٹ 5 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ دونوں وکٹیں جوش ہیزلووڈ نے حاصل کیں۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو برسبین میں ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 165 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو سٹیون سمتھ 64 اور شان مارش 44 پر کھیل رہے تھے۔ شان مارش 51 رنز بناکر سٹورٹ براڈ کی گیند پر اینڈرسن کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

ٹم پائن چھٹے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 13 رنز بنانے کے بعد جیمز اینڈرسن کی گیند پر بیرسٹو کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ مچل سٹارک بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 6 رنز بناکر براڈ کا نشانہ بن گئے۔ سٹیون سمتھ اور پیٹ کمنز کے مابین 65 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ کمنز 42 رنز بناکر کرس ووکس کی گیند پر ایلسٹر کک کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔

جوش ہیزلووڈ 6 اور نیتھن لائن 9 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ کپتان سٹیون سمتھ نے ایک اینڈ سے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 141 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اس طرح آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 26 رنز کی برتری کے ساتھ 328 پر آئوٹ ہوگئی۔ سٹورٹ براڈ نے تین جبکہ جیمز اینڈرسن اور معین علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 33 رنز بنا لئے۔ ایلسٹر کک سات اور جیمز ونس دو رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ مارک سٹونمین 19 اور جو روٹ 5 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ دونوں وکٹیں جوش ہیزلووڈ نے حاصل کیں۔
وقت اشاعت : 25/11/2017 - 16:40:41