سری لنکا نے دہلی ٹیسٹ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 356 رنز بنا لئے، اینجلو میتھیوز کی سنچری، چندیمل 147 رنز کے ساتھ ناقابل شکست

پیر 4 دسمبر 2017 16:51

دہلی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2017ء) سری لنکا نے دہلی ٹیسٹ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 356 رنز بنا لئے۔ اینجلو میتھیوز نے 111 رنز کی اننگز کھیلی، دنیش چندیمل 147 رنز کے ساتھ ناقابل شکست ہیں۔ ایشون نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا کو بھارت کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے اب بھی 180 رنز درکار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو یہاں دہلی میں ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 131 رنز 3 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو اینجلو میتھیوز 57 اور دنیش چندیمل 25 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 181 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 256 تک پہنچا دیا۔ اینجلو میتھیوز 111 رنز بناکر ایشون کی گیند پر ساہا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

سدیرا سمرا وکرما پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 33 رنز بناکر ایشانت شرما کی گیند پر وردھیمن ساہا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ ایشون نے روشن سلوا اور نروشن ڈکویلا کو صفر پر آئوٹ کرکے سری لنکا کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ سرنگا لکمل بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 5 رنز بناکر محمد شامی کا نشانہ بن گئے۔ لاہیرو گاماگے ایک رن بناکر روندرا جدیجا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ اس طرح سری لنکا نے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر 9 وکٹوں کے نقصان پر 356 رنز بنا لئے۔ دنیش چندیمل نے کپتان اننگز کھیلی اور وہ 147 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ ایشون نے تین جبکہ جدیجا، ایشانت شرما اور محمد شامی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
وقت اشاعت : 04/12/2017 - 16:51:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :