یاسر شاہ نے اپنی نظریں ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں حاصل کرنے پر مرکوز کر لی

ْ پاک بھارت مقابلے اچھے ہیں ،ْویرات کوہلی کے مقابلے میں بالنگ کروانا چاہتا ہوں ،ْ یاسر شاہ

جمعرات 7 دسمبر 2017 12:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2017ء) قومی ٹیم کے اسپنر یاسر شاہ نے اپنی نظریں ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں حاصل کرنے پر مرکوز کر لی ہیں۔تفصیلات کے مطابق یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 100 اور 150 وکٹیں حاصل کرنے والے بالر ہیں، انہوں نے اپنی ٹیسٹ وکٹوں کی سنچری 17 میچز جب کہ 150 وکٹوں کا سنگ میل صرف 27 ٹیسٹ میچز میں عبور کیا تھا۔

یاسر شاہ کو تیز ترین 200 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے کے لیے مزید 35 بار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانی ہے اور ان کے پاس آسٹریلیا کے کلیری گریمٹ کا 80 سالہ ریکارڈ توڑنے کے لیے 7 ٹیسٹ میچز ہیں۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے یاسر شاہ نے کہا کہ وہ کبھی بھی ذاتی ریکارڈ کے پیچھے نہیں بھاگتے اور پاکستان کی جیت ان کی اولین ترجیح ہوتی ہے، لیکن اگر یہ ریکارڈ میرے نام کے ساتھ جڑتا ہے تو بہت خوشی ہو گی۔

(جاری ہے)

یاسر شاہ نے کہا کہ میرا مقصد صرف پرفارم کرنا ہوتا ہے چاہے کہیں بھی اور کسی بھی فارمیٹ میں کھیل رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ پاکستان کے لیے زیادہ سے زیادہ وکٹیں حاصل کروں۔اٹھائیس ٹیسٹ میچز میں 165 وکٹیں حاصل کرنے والے یاسر شاہ نے کہا کہ محدود اوورز کی کرکٹ میں بھی خود کو منوانے کے لیے سخت محنت کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ وہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ بننے کیلئے آنے والے بگ بیش لیگ کے سیزن میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بگ بیش لیگ کھیلنے کیلئے آسٹریلیا جا رہا ہوں جہاں میں اپنی پرفارمنس کے ذریعے خود کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے لیے بھی اہل ثابت کرنے کی کوشش کروں گا۔یاسر شاہ نے کہا کہ میں محدود اوورز کی کرکٹ میں بھی اپنی پوزیشن پکی کرنے کی کوشش کر رہا ہوں، اور اس کے لیے ڈومیسٹک اور لیگ کرکٹ میں اچھی بالنگ کر رہا ہوں۔ایک سوال کے جواب میں یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ وہ بھارت کے خلاف ایک سیریز کھیلنا چاہتے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ وہ بھارت کے نمبر ون بلے باز ویرات کوہلی کے مقابلے میں بالنگ کروائیں۔

یاسر شاہ نے کہا کہ کرکٹ کیلئے پاک بھارت مقابلے اچھے ہیں ،ْمیری خواہش ہے کہ بھارت کے خلاف کھیلوں اور اچھا پرفارم کروں۔انہوں نے کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ ڈیوکس بال کے استعمال کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ اگلے سال دورہ انگلینڈ میں پاکستان نے اسی بال کا استعمال کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں اپنی بالنگ پر بھرپور توجہ دے رہا ہوں، اور گگلی پر مزید عبور حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کر رہا ہوں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے فٹنس کے معاملے پر سختی کے حوالے سے یاسر شاہ نے کہا کہ وہ پی سی بی کے فٹنس کے فیصلے سے مطمئن ہیں کہ ٹیم میں سلیکشن کے لیے کھلاڑیوں کو مطلوبہ نمبر حاصل کرنا ضروری ہیں۔
وقت اشاعت : 07/12/2017 - 12:18:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :