سری لنکا کے ہاتھوں بھارت کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں 7 وکٹوں سے شکست

بھارتی ٹیم 112 پر ڈھیر، آئی لینڈرز نے ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، سرنگا لکمل مرد میدان قرار پائے

اتوار 10 دسمبر 2017 17:10

دھرم شالا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2017ء) سری لنکا نے بھارت کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں آئوٹ کلاس کر دیا اور 7 وکٹوں سے فتح حاصل کر کے تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ سرنگا لکمل کی تباہ کن بائولنگ کے باعث میزبان سائیڈ 112 پر ڈھیر ہوگئی۔ لکمل نے 13 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ایم ایس دھونی نے 65 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔

آئی لینڈرز نے ہدف 20.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اپل تھرنگا نے 49 رنز کی اننگز کھیلی۔ سرنگا لکمل کو مرد میدان قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو دھرم شالا میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں سری لنکا کے کپتان تھیسارا پریرا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ بھارتی ٹیم سرنگا لکمل کی تباہ کن بائولنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور38.2 اوورز میں 112 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔

(جاری ہے)

ایم ایس دھونی نے مزاحمتی اننگز کھیلی اور 65 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ میزبان ٹیم کا ٹاپ اور مڈل آرڈر مکمل طور پر ناکام رہا۔ کپتان روہیت شرما دو، شیکھر دھون صفر، شیریاس آئیر نو، دنیش کارتھک صفر، منیش پانڈے دو اور ہارڈیک پانڈیا دس رنز بنا سکے۔ سرنگا لکمل نے کیریئر بیسٹ بائولنگ کی اور 13 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ نوان پردیپ نے دو جبکہ اینجلو میتھیوز، تھیسار پریرا، دنن جایا اور پتھریانا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں سری لنکا نے ہدف 20.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اپل تھرنگا نے 49 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، اینجلو میتھیوز 25 اور نروشن ڈکویلا 26 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ بھونیشور کمار، بمراہ اور ہارڈیک پانڈیا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 10/12/2017 - 17:10:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :