محمد حفیظ بائولنگ ایکشن درست کروانے کے لئے آئندہ چند روز میں انگلینڈ روانہ ہوں گے

پیر 11 دسمبر 2017 13:41

لاہور۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2017ء)قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر محمد حفیظ اپنے مشکوک( غیر قانونی) بائولنگ ایکشن کو درست کروانے کے لئے آئندہ چند روز میں انگلینڈ روانہ ہوں گے ۔ بائیو مکینسٹ ڈاکٹر پال ہورین اور بائولنگ کوچ کیرل کرو انگلینڈ میں ان کے بائولنگ ایکشن کا جائزہ لیں گے ۔ وہ سنیل نارائین کے بائولنگ ایکشن پر بھی کامیابی سے کام کرچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

جبکہ قومی ٹیم کے بائولنگ کوچ اظہر محمود جو کہ پہلے ہی انگلینڈ میں موجود ہیں ان کے بائولنگ ایکشن کے جائزہ کے دوران وہاں موجود ہوں گے ۔بائیو مکینسٹ ڈاکٹر پال اور کیرل کرو محمد حفیظ کے بائولنگ ایکشن کا جائزہ لینے کے بعد اس کی درستگی کے لئے ایک ایکشن پلان بنائیں گے جس پر اظہر محمو،علی ضیاء ،سجاد اکبر ،سلیم جعفر اور علیم ڈار پر مشتمل کمیٹی عمل در آمد کروائے گی ۔کمیٹی پی سی بی کی محمد حفیظ کو بائولنگ ایکشن کے ٹیسٹ کے لئے انٹرنیشنل لیبارٹری میں بھجوانے سے قبل پی سی بی کی بائیو مکینک لیب میں ان کے بائولنگ ایکشن کا ٹیسٹ بھی لے گی ۔
وقت اشاعت : 11/12/2017 - 13:41:15