دورہ نیوزی لینڈ،ٹیم کے اعلان سے قبل کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ

دورہ نیوزی لینڈ کیلئے ٹیم کے اعلان سے قبل کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لینے کیلئیدو روزہ کیمپ لگایا جائیگا

پیر 11 دسمبر 2017 16:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 دسمبر2017ء)نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ میچز کی سیریز کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کے اعلان سے قبل کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ایک روزہ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 6 جنوری کو کھیلا جائے گا جب کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لئے قومی ٹیم کا اعلان پیر کو متوقع تھا جو تاخیر کا شکار ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ نے دورہ نیوزی لینڈ کے لئے ٹیم کے اعلان سے قبل کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے لاہور میں دو روزہ کیمپ بھی لگایا جائیگا۔دورہ نیوزی لینڈ کے لئے ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل صہیب مقصود، عماد وسیم، رومان رئیس اور شاداب خان کی شرکت فٹنس سے مشروط کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ان فٹ عثمان شنواری کی جگہ ٹیم میں محمد عامر کی واپسی کا امکان ہے جب کہ اظہر علی کے لئے احمد شہزاد کو جگہ خالی کرنا ہوگی۔

اظہر علی گھٹنے کی انجری کے باعث سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے تھے۔سری لنکا کے خلاف سیریز میں زبردست کارکردگی دکھانے والے نوجوان امام الحق بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لئے پاکستان کیممکنہ15رکنی ٹیم سرفراز احمد(کپتان)، فخر زمان، اظہر علی، محمد حفیظ، بابر اعظم، شعیب ملک، عماد وسیم، شاداب خان، فہیم اشرف، حسن علی، رومان رئیس، جنید خان، حارث سہیل، امام الحق اور محمد عامر پر مشتمل ہو سکتی ہے۔
وقت اشاعت : 11/12/2017 - 16:26:45