ورلڈ کپ 2019ء سے قبل گرین شرٹس کو پریکٹس کا بھرپور موقع ملے گا

جمعرات 14 دسمبر 2017 15:19

ورلڈ کپ 2019ء سے قبل گرین شرٹس کو پریکٹس کا بھرپور موقع ملے گا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 دسمبر2017ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم جنوری2018 سے مئی میں2019 ورلڈ کپ تک ڈیڑھ سال کے دوران مسلسل انٹرنیشنل کرکٹ کھیلے گی اور اس دوران پاکستان کو بھارت کے علاوہ دنیا کی دیگر بڑی ٹیموں انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کھیلنا ہوگی۔17 ماہ میں پاکستانی ٹیم 13ٹیسٹ ،32ون ڈے انٹرنیشنل اور 16ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی،ان میچوں اور ورلڈ کپ میں شرکت کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنے کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں کی تجدید بھی کرنا ہوگی۔

مکی آرتھر سمیت تمام کوچنگ اسٹاف کے معاہدے ورلڈکپ تک ہیں، آئندہ برس زمبابوے میں پاکستان، آسٹریلیا، زمبابوے کے درمیان ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل سیریز ہوگی۔

(جاری ہے)

2019 کے ورلڈ کپ سے قبل پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مارچ میں پانچ ون ڈے میچز ہوں گے جبکہ مئی میں ورلڈ کپ سے پہلے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان انگلینڈ میں 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز ہوگی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے مربوط پلان تیار کیا ہے تاکہ پاکستانی کھلاڑی انگلش کنڈیشن سے ہم آہنگ ہوسکیں۔اس سال پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ میں سرفراز احمد کی قیادت میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی جیتی تھی۔ پاکستان ٹیم 1999 میں بھی انگلینڈ ہی میں ورلڈ کپ فائنل کھیل چکی ہے۔لارڈز میں فائنل میں پاکستان کو آسٹریلیا نے 8 وکٹ سے شکست دی تھی۔

نئے سال کے آغاز پر پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ میں 5ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ مئی میں پاکستانی ٹیم آئرلینڈ میں ایک ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ جس کے بعد پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لارڈز اور لیڈز میں دوٹیسٹ میچ ہوں گے۔اس کے بعد پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز شیڈول ہے۔27جون سے پاکستانی ٹیم زمبابوے میں تین ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ کھیلے گی۔

ڈبل لیگ کے تحت ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں چھ میچوں کے بعد دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔تین ملکی ٹورنامنٹ کے بعد پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ون ڈے انٹر نیشنل اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ہوگی۔اکتوبر میں پاکستانی ٹیم متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کی میزبانی کرے گی، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچ ہوں گے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی سیریز کے پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچ ورلڈکپ سے قبل مارچ میں امارات میں ہوں گے۔پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ نومبر میں نیوزی لینڈ کی ٹیم متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے ساتھ تین ٹیسٹ، تین ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے گی۔دسمبراورجنوری میں پاکستانی ٹیم جنوبی افریقا کا دورہ کرے گی، اس فل ٹور میں تین ٹیسٹ، پانچ ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچ ہوں گے۔

آئندہ سال فروری اور مارچ میں پاکستان سپرلیگ کا چوتھا ایڈیشن ہوگا، اپریل میں ایک ماہ آرام کے بعد پاکستان ٹیم 2019 کے ورلڈ کپ کی مہم شروع کرے گی۔مئی میں پاکستانی ٹیم انگلینڈ پہنچ کر ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں انگلش ٹیم کے ساتھ پانچ ون ڈے انٹر نیشنل میچ کھیلے گی۔ورلڈ کپ30مئی سی14جولائی تک انگلینڈ اور ویلز میں ہوگا جس میں آسٹریلیا کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی جبکہ انگلینڈ پانچویں بار ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا۔

10ٹیمیں ٹائٹل کی دوڑ میں شامل ہوں گی اور ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 48 میچز ہوں گے۔آٹھ ٹیمیں جن میں پاکستان بھی شامل ہے براہ راست ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کر چکے ہیں جبکہ زمبابوے میں ہونے والے کوالیفائنگ راونڈ کے بعد مزید دو ٹیمیں ورلڈ کپ میں جگہ بنائیں گی۔
وقت اشاعت : 14/12/2017 - 15:19:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :