روہت شرما اور دھون کو جلد آئوٹ کرنے کیلئے پلان بنا لیا، بھارت کے خلاف فیصلہ کن ون ڈے میں ڈٹ کر مقابلے کیلئے تیار ہیں، تھسیارا پریرا

ہفتہ 16 دسمبر 2017 21:47

روہت شرما اور دھون کو جلد آئوٹ کرنے کیلئے پلان بنا لیا، بھارت کے خلاف فیصلہ کن ون ڈے میں ڈٹ کر مقابلے کیلئے تیار ہیں، تھسیارا پریرا
ویشاکھا پٹنم۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2017ء) سری لنکن ٹیم کے کپتان تھسارا پریرا نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف فیصلہ کن ون ڈے میں ڈٹ کر مقابلے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں، روہت شرما اور شیکھر دھون کو جلد آئوٹ کرنے کیلئے پلان تیار کر لیا ہے، بھارتی سرزمین پر پہلی ون ڈے سیریز جیتنے کیلئے پر جوش ہیں اور ہدف کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔

سری لنکا اور بھارت کے درمیان فیصلہ کن ون ڈے (آج) اتوار کو کھیلا جائے گا۔ آخری ون ڈے سے قبل اپنے ایک انٹرویو میں سری لنکن قائد نے کہا کہ ویشاکھا پٹنم کی کنڈیشنزہمارے ہوم گرائونڈ سے ملتی جلتی ہیں اسلئے ہم اس گرائونڈ پر فیصلہ کن ون ڈے میں کچھ خاص کارکردگی کا مظاہرہ کر کے سیریز اپنے نام کرنے کیلئے پر اعتماد ہیں، بلاشبہ بھارت کو اس کی سرزمین پر ہرانا آسان نہیں تاہم سیریز برابر ہونے کی وجہ سے فیصلہ کن میچ میں میزبان ٹیم پر زیادہ دبائو ہو گا اسلئے ہمارے پاس پہلی بار یہاں پر سیریز جیتنے کا سنہری موقع ہے، ہدف کے حصول کیلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو کھیل کے تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ روہت شرما اور دھون کو جلد آئوٹ کرنے کیلئے پلان تیار کیا ہے، اب یہ بائولرز تک ہے کہ وہ پلان کے تحت بائولنگ کرتے ہیں یا نہیں، دوسرے ون ڈے میں جو غلطیاں ہوئیں انہیں نہیں دوہرائیں گے اسلئے فائنل میچ کیلئے ذہنی طور پر بھی مکمل طور پر تیار ہیں۔
وقت اشاعت : 16/12/2017 - 21:47:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :