پرتھ ٹیسٹ،مچل سٹارک کی گیند 21ویں صدی کی بہترین گیند قراردی جانے لگی

پیر 18 دسمبر 2017 13:26

پرتھ ٹیسٹ،مچل سٹارک کی گیند 21ویں صدی کی بہترین گیند قراردی جانے لگی
پرتھ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18دسمبر2017ء)آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان تیسرے ایشز ٹیسٹ میں مچل سٹارک کی جانب سے جیمز ونس کو کروائی جانے والی گیند کو 21ویں صدی کی بہترین گیند قرار دیا جارہا ہے ۔ پرتھ ٹیسٹ کے چوتھے روزمچل سٹارک نے انگلینڈ کی دوسری اننگز میں 55 رنز کی اننگز کھیل کر آسٹریلیا کیلئے خطرہ بننے والے جیمز ونس کو آﺅٹ کر کے اپنی ٹیم کو چوتھی کامیابی دلائی ، انکی اس شاندار گیند کو ”صدی کی بہترین گیند“ قرار دیا جا رہا ہے۔

بائیں ہاتھ کے مچل سٹارک نے راﺅنڈ دی وکٹ آ کر گیند پھینکی جو مڈل سٹمپ پر پڑنے کے بعد لیگ سپن کی طرح جیمزونس کی آف سٹمپ اڑا لے گئی۔

(جاری ہے)

اس گیند کے بعد سوشل میڈیا پر سٹارک کی تعریفیں کی جارہی ہیں اور بعض کرکٹ شائقین کے ساتھ ساتھ نامور کرکٹرز نے اس گیند کو”صدی کی بہترین گیند“ قرار دے دیا ہے ۔

سابق برطانوی کپتان مائیکل وان نے اپنی ٹوئیٹ میں اسے صدی کی بہترین گیند قرار دیا۔ 
قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سلطان آف سوئنگ وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ سٹارک کی اس گیند انہیں اپنے باﺅلنگ کے دنوں کی یاد دلا دی“ ۔
جیمز ونس بھی سٹارک کی تعریف کیے بنا نہ رہ سکے اور کہا کہ میں دوبارہ 20 سے 30 مرتبہ بھی اس گیند کا سامنا کروں تو ہر مرتبہ آﺅٹ ہو جاﺅں گا۔20ویں صدی کی بہترین گیند کرانے کا اعزاز رکھنے والے عظیم لیگ سپنر شین وارن نے بھی سوال کیا کہ کیا اسے صدی کی بہترین گیند قرار دیا جا سکتا ہے؟۔
وقت اشاعت : 18/12/2017 - 13:26:24