عماد وسیم ایک مرتبہ پھر نمبر ون ٹی ٹونٹی باﺅلر بن گئے

پیر 25 دسمبر 2017 15:44

عماد وسیم ایک مرتبہ پھر نمبر ون ٹی ٹونٹی باﺅلر بن گئے
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25دسمبر2017ء)قومی ٹیم کے آل راﺅنڈر عماد وسیم ایک مرتبہ پھر ٹی ٹونٹی رینکنگ میں نمبر ون باﺅلر بن گئے ہیں،آسٹریلیا کے ایرون فنچ نے رینکنگ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بلے بازوں کی فہرست میں ٹاپ پوزیشن اپنے نام کرلی ۔ ویرات کوہلی بالی ووڈ اداکار ہ انوشکا شرما سے شادی کے باعث سر ی لنکا کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں شرکت نہیں کرسکے تھے جس کے بعد انہیں 48رینکنگ پرائنٹس کھو کر ٹاپ پوزیشن سے محروم ہونا پڑا اور اب وہ 824کی بجائے 776پوائنٹس کے ہمرا ہ تیسری پوزیشن پر موجو د ہیں ، آسٹریلیا کے ایرون فنچ نے ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن سنبھال لی ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کے ایون لوئیس دوسرے نمبر پر موجود ہیں ۔

ادھر بھارت کے جسپریت بمراہ کی جانب سے سر ی لنکا کیخلاف پہلے دو ٹی ٹونٹی میچز میں وکٹ نہ لے پانے کے بعد تیسرے میچ میں عدم شرکت کے باعث پاکستان کے عماد وسیم نے باﺅلرز کی فہرست میں پہلی پوزیشن سنبھال ہے ، افغان لیگ سپنر راشد خان دوسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ بمراہ کا تیسرا نمبر ہے ۔

(جاری ہے)

فنچ اور عماد اس سے قبل بھی ٹاپ پوزیشن پر رہ چکے ہیں ، فنچ نے 121میچز اور368دن تک یہ پوزیشن اپنے پاس رکھی تھی جبکہ عماد وسیم نے 15میچ اور132دنوں تک اس پوزیشن پر قبضہ جمائے رکھا تھا ۔

بھارت کے لوکیش راہول سیریز میں 154رنز سکور کرکے23سیڑھیا ں پھلانگ کر چوتھی اور روہت شرما162رنز بنا کر 20ویں سے14ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں ۔ باﺅلرز کی رینکنگ میں یزوندرا چاہل 8وکٹیں لیکر 30ویں سے 16ویں اور ہردیک پانڈیا اور کلدیپ یادو 6،6وکٹیں حاصل کرکے بالتر تیب 79ویں سے40اور 112ویں سے64ویں پوزیشن پر پہنچے ہیں ۔سر ی لنکا کی جانب سے بلے بازوں میں کوشل پریرا سیریز میں 100رنز بنا کر 38ویں سے 30ویں نمبر پہنچے ہیں جبکہ اپل تھرنگا نے 81رنز بنا کر 141ویں سے 105ویں اور تھیسارا پریرا نے72ویں سے 70پوزیشن پر ترقی پائی ہے ۔

ٹیم رینکنگ میں پاکستان بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ سری لنکا کیخلاف تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز میں کلین سویپ کے بعد بھارت نے 2پوائنٹس لیکر 121پوائنٹس کے ہمراہ 5ویں سے دوسری پوزیشن پر چھلانگ لگائی ہے ۔
وقت اشاعت : 25/12/2017 - 15:44:44