ہانگ کانگ ٹی ٹونٹی ،شاداب خان ہانگ کانگ آئی لینڈ یونائیٹڈ کیلئے ان ایکشن ہونگے

منگل 2 جنوری 2018 15:32

ہانگ کانگ ٹی ٹونٹی ،شاداب خان ہانگ کانگ آئی لینڈ یونائیٹڈ کیلئے ان ایکشن ہونگے
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2 جنوری2018ء)پاکستان نے نوجوان لیگ سپنر شاداب خان ہانگ کانگ ٹی ٹونٹی بلٹز کے اگلے سیزن میں ہانگ کانگ آئی لینڈ یونائیٹڈ کی ٹیم کیلئے ایکشن میں نظر آئیں گے ۔ ہانگ کانگ آئی لینڈ کی ٹیم نے شاداب خان کو اپنے ٹیم کاحصہ بنانے کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان لیگ سپنر ٹیم کے نائب کپتان بھی ہوں گے ، اس سے قبل دنیا کے نمبر ایک ون ڈے باﺅلر حسن علی بھی ہانگ کانگ آئی لینڈ کی ٹیم میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں ۔

19سالہ شاداب خان کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیزن کیلئے اپنی ٹیم میں شامل کیا تھا اور ایک سال سے بھی کم عرصے میں وہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والی قومی ٹیم کے رکن بن گئے ،وہ کیربئین پریمیئر لیگ جیتنے والی ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کی ٹیم کا بھی حصہ تھے، شاداب خان نے اپنے پہلے ہی انٹر نیشنل ٹورنامنٹ میں بھی مین آف سیریز کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا ،وہ آسٹریلوی بگ بیش لیگ میں برسبین ہیٹ کی بھی نمائندگی کرچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

شاداب خان نے ہانگ کانگ ٹی ٹونٹی بلٹز میں ہانگ کانگ آئی لینڈ کی ٹیم میں شمولیت کے اختیار پرخوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ نائب کپتان بنائے جانے پر بہت ہی فخر محسوس کرتے ہیں، وہ ابھی صرف 19 برس کے ہیں اور یہ ان کےلئے بہت قیمتی تجربہ ہو گا، امید ہے کہ وہ اپنی قیادت کی صلاحیتوں کو یہاں مزید بڑھا سکتے ہیں ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ انکا سفر اسلام آباد یونائیٹڈ کی لا ل جرسی سے شروع ہوا تھا اور اب میں ہانگ کانگ آئی لینڈ کی لال جرسی پہنوں گا،اسلا م آباد یونائیٹڈ میرے لیے فیملی کی طرح ہے اور اب ہانگ کانگ ٹی ٹونٹی بلٹز میں ہانگ کانگ آئی لینڈ کیلئے کھیلنا فخر کی بات ہوگی ۔
وقت اشاعت : 02/01/2018 - 15:32:12