آئی پی ایل 2018ء، ویرات کوہلی 17 کروڑ کے عوض رائل چیلنجرز بنگلور کے ساتھ برقرار،

دھونی، روہت شرما، پانڈیا اور بمرا اپنی اپنی ٹیموں میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب، کرس گیل فارغ

جمعرات 4 جنوری 2018 22:36

آئی پی ایل 2018ء، ویرات کوہلی 17 کروڑ کے عوض رائل چیلنجرز بنگلور کے ساتھ برقرار،
ممبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جنوری2018ء) رائل چیلنجرز بنگلور نے رواں برس شیڈول انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کیلئے بھارتی قائد اور سٹار بلے باز ویرات کوہلی کو برقرار رکھا ہے، کوہلی واحد کھلاڑی ہیں جنہیں آئی پی ایل کیلئے مختص 15 کروڑ سے زائد رقم میں برقرار رکھا گیا، بنگلور کوہلی کو اس بار سیزن میں 17کروڑ معاوضہ ادا کرے گا، روہت شرما، ہرڈیک پانڈیا اور جسپریت بمرا ممبئی انڈینز میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے جبکہ جارح مزاج ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل جگہ برقرار نہ رکھ سکے۔

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے رواں برس ہونے والے ایونٹ کیلئے ٹیموں کی طرف سے برقرار رکھے گئے کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی جس کے تحت رائل چیلنجرز بنگلور نے کوہلی کو 17 کروڑ کے عوض برقرار رکھا، اے بی ڈی ویلیئرز اور سرفراز خان بھی ٹیم کے ساتھ رہیں گے، ممبئی انڈینز نے روہت شرما، ہرڈک پانڈیا اور جسپریت بمرا، کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے سنیل نارائن اور آندرے رسل، دہلی ڈیئر ڈیولز نے ریشبھ پانٹ اور کرس مورس اور شری یاس آئر، کنگز الیون پنجاب نے اکشر پٹیل، سن رائزرز حیدرآباد نے ڈیوڈ وارنر، بھنشور کمار، چنائی سپر کنگز نے مہندرا سنگھ دھونی، سریش رائنا اور روندرا جدیجہ، راجستھان رائلز نے سٹیون سمتھ کو برقرار رکھا ہے۔

(جاری ہے)

کرس گیل جو کہ دس برس تک رائل چیلنجرز کے ساتھ منسلک رہے اس بار ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں ناکام رہے اور اس بار کھلاڑیوں کی نیلامی میں ان کی نظریں خریدار پر ہوں گی۔
وقت اشاعت : 04/01/2018 - 22:36:59