پی آئی اے نے سکوائش کولٹس کا دوبارہ آغاز کر دیا

جمعرات 4 جنوری 2018 22:47

پی آئی اے نے سکوائش کولٹس کا دوبارہ آغاز کر دیا
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جنوری2018ء) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی ای) نے سکوائش کولٹس کا دوبارہ آغاز کر دیا ہے۔ اس بات کا اعلان پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیان نے پی آئی اے ہیڈ آفس میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا۔ اسکوائش کولٹس اسکیم کی نگرانی جہانگیر خان کریں گے۔ پی آئی اے اسکوائش کولٹس اسکیم کے تحت نوجوان کھلاڑیوں کو تلاش کر کے ان کو تربیت اور امداد فراہم کی جائے گی تا کہ وہ دنیا میں ایک کامیاب کھلاڑی کے طور پر اپنی شناخت بنائیں۔

اس اسکیم کا اجراء پاکستان بھر میں کیا جا رہا ہے، ابھرتے ہوئے نوجوان اسکوائش کھلاڑیوں کو سخت تربیتی مراحل سے گزرنے کے بعد پی آئی اے میں شامل کیا جائے گا۔ اس عمل کی نگرانی پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیان، اسکوائش کے عظیم کھلاڑی جہانگیر خان اور اسکوائش کے سابق بین الاقوامی کھلاڑی فرحان سمیع اللہ کریں گے۔

(جاری ہے)

جہانگیر خان نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اسکوائش کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے اور اگر ان کو خصوصی تربیت فراہم کی جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان اپنا کھویا مقام حاصل نہ کر سکے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیان نے کہا کہ پی آئی اے نے ہمیشہ کھیلوں اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ہے اور آئندہ بھی یہ جاری رہے گی۔ انہوں نے پی آئی اے کولٹس اسکیم کی نگرانی اور کھلاڑیوںکی رہنمائی کرنے کی ذمہ داری سنبھالنے پر جہانگیر خان کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں عظیم کھلاڑیوں اصلاح الدین صدیقی، جاوید میانداد اور معین خان کے علاوہ پی آئی اے کے چیف کمرشل آفیسر بلال منیر شیخ، فرحان سمیع اللہ اور پی آئی اے کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
وقت اشاعت : 04/01/2018 - 22:47:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :