جنوبی افریقہ پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 286 رنز بنا کر آئوٹ، ویلیئرز 65 اور ڈوپلیسی 62 رنز بنا کر نمایاں، بھنشور کمار کی 4 وکٹیں، جواب میں بھارتی ٹیم مشکلات سے دوچار 28 رنز پر 3 وکٹیں گنوا دیں، مہمان ٹیم کو پروٹیز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 258 رنز درکار، کوہلی 5 رنز بنا کر چلتے بنے

جمعہ 5 جنوری 2018 23:18

جنوبی افریقہ پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 286 رنز بنا کر آئوٹ، ویلیئرز 65 اور ڈوپلیسی 62 رنز بنا کر نمایاں، بھنشور کمار کی 4 وکٹیں، جواب میں بھارتی ٹیم مشکلات سے دوچار 28 رنز پر 3 وکٹیں گنوا دیں، مہمان ٹیم کو پروٹیز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 258 رنز درکار، کوہلی 5 رنز بنا کر چلتے بنے
کیپ ٹائون ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2018ء) جنوبی افریقہ کے برق رفتار فاسٹ بائولنگ اٹیک کے سامنے بھارت کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ لڑکھڑا گئی، بھارت نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں پر 28 رنز بنا لئے اور اسے پروٹیز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 258 رنز درکار ہیں، چیتشور پوجارا 5 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، کپتان ویرات کوہلی بیٹنگ کا جادو جگانے میں ناکام رہے اور صرف 5 رنز بنا کر چلتے بنے، فلینڈر، سٹین اور مورکل نے ایک، ایک وکٹ لی، قبل ازیں جنوبی افریقن ٹیم پہلی اننگز میں 286 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی تھی، ڈی ویلیئرز اور کپتان ڈوپلیسی کے سوا پروٹیز کا کوئی بھی کھلاڑی بھارتی بائولرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا، ڈی ویلیئرز نے دو برس بعد ٹیسٹ کرکٹ میں جاندار کم بیک کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کی اور 65 رنز بنا کر نمایاں رہے، ڈوپلیسی 62 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، بھنشور کمار نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو کیپ ٹائون میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقن قائد فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور 12 کے سکور پر اس کے تین مستند بلے باز ڈین ایلگر صفر، ایڈن مرکرام 5 اور ہاشم آملہ 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اس وقت کپتان ڈوپلیسی اور ڈی ویلیئرز نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے شاندار اور ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ میں 114 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو مشکلات سے نکالا، 126 کے سکور پر جسپریت بمرا نے ویلیئرز کو آئوٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، انہوں نے 65 رنز بنائے، ڈوپلیسی پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 62 رنز بنا کر پانڈیا کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس موقع پر ڈی کوک نے ورنن فلینڈر کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ میں 52 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 202 تک پہنچا دیا یہاں پر ڈی کوک 43 رنز بنا کر بھنشور کمار کی گیند کا نشانہ بنے، فلینڈر 23 رنز بنا کر محمد شامی کی گیند پر بولڈ ہوئے، کیشو مہاراج 35 رنز بنانے کے بعد رن آئوٹ ہو گئے، ربادا 26 رنز بنا کر ایشون کی گیند کا نشانہ بنے، 286 کے سکور پر پروٹیز کی آخری وکٹ گری جب مورکل 2 رنز بنا کر ایشون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، بھنشور کمار نے 4، ایشون نے 2 جبکہ بمرا، پانڈیا اور شامی نے ایک، ایک وکٹ لی۔

جواب میں بھارتی ٹیم پہلی اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو اس کا آغاز بھی مایوس کن رہا اور 27 کے سکور پر اس کے ابتدائی تین کھلاڑی مرلی وجے، شیکھر دھون اور کپتان ویرات کوہلی آئوٹ ہو گئے، وجے ایک، دھون 16 اور کوہلی 5 رنز بنا سکے، اسطرح پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو بھارت نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 28 رنز بنا لئے تھے اور اسے جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 258 رنز درکار ہیں، پوجارا 5 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جبکہ روہت شرما نے ابھی رنز کا کھاتہ نہیں کھولا، سٹین، فلینڈر اور مورکل نے ایک، ایک وکٹ لی۔
وقت اشاعت : 05/01/2018 - 23:18:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :