دوسرا ٹیسٹ، جنوبی افریقن ٹیم پہلی اننگز میں 335 رنز پر آئوٹ، ڈوپلیسی 63 رنز بنا کر نمایاں، ایشون کی 4 اور ایشانت شرما کی 3 وکٹیں، بھارت نے پہلی اننگز میں 5 وکٹوں پر 183 رنز بنا لئے اور اسے پروٹیز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 152 رنز درکار، کوہلی پروٹیز بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، 85 رنز بنا کر ناقابل شکست

اتوار 14 جنوری 2018 21:01

سنچورین ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2018ء) بھارت نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنا لئے اور اسے میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 152 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی 5 وکٹیں باقی ہیں، کپتان ویرات کوہلی پروٹیز بائولرز کے سامنے چٹان بن گئے، 85 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں، ہرڈک پانڈیا 11 رنز بنا کر ان کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، قبل ازیں جنوبی افریقن ٹیم پہلی اننگز میں 335 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی تھی، کپتان فاف ڈوپلیسی 63 رنز بنا کر نمایاں رہے، ایشون نے 4 اور ایشانت شرما نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

(جاری ہے)

اتوار کو سینچورین ٹیسٹ کے دوسرے روز جنوبی افریقن ٹیم نے 269 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو ڈوپلیسی 24 اور مہاراج 10 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے نویں اوور میں محمد شامی نے مہاراج کو آئوٹ کر کے کامیابی دلائی، مہاراج 18 رنز بنا کر چلتے بنے، کاگیسوربادا 11 رنز بنا کر ایشانت شرما کی گیند کا نشانہ بنے، 333 کے سکور پر کپتان ڈوپلیسی کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ 63 رنز بنانے کے بعد ایشانت شرما کی گیند پر بولڈ ہو گئے، 335 کے سکور پر پروٹیز کی آخری وکٹ گری جب مورکل 6 رنز بنا کر ایشون کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، ایشون نے 4، ایشانت شرما نے 3 اور شامی نے ایک وکٹ لی، جواب میں بھارتی ٹیم نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنا لئے تھے اور اسے پروٹیز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 152 رنز کی ضرورت ہے، کوہلی کے سوا کوئی بھی کھلاڑی متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے، مرلی وجے 46، لوکیش راہول 10، چیتشور پوجارا صفر، روہت شرما 10 اور پارتھو پٹیل 19 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے لیکن کوہلی پروٹیز بائولرز کیلئے مزاحمت بن گئے، 85 رنز پر ناقابل شکست ہیں، پانڈیا 11 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں، مہاراج، مورکل، ربادا اور نگیڈی نے ایک، ایک وکٹ لی۔

وقت اشاعت : 14/01/2018 - 21:01:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :