چوتھا ون ڈے ،نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5وکٹوں سے ہر ا دیا

منگل 16 جنوری 2018 13:09

چوتھا ون ڈے ،نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5وکٹوں سے ہر ا دیا
ہیملٹن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16جنوری2018ء)5میچز کی سیریز کے چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5وکٹو ں سے ہرا کر سیریز میں 4-0کی برتری حاصل کر لی ہے ۔ہیملٹن کے سیڈون پارک کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلے جارہے چوتھے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 263 رنزکا ہدف دیا جس کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز مارٹن گپٹل اور منرو نے کیا، دونوں اوپنرز نے اچھا آغاز فراہم کیا اور 88 رنز کی شراکت قائم کی، منرو نے نصف سنچری سکور کی اور 56 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے ،مارٹن گپٹل نے 31 رنز بنائے تاہم بعد میں آنےوالے کھلاڑی خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور صرف 99 کے مجموعی سکور پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

کپتان کین ولیمسن بھی اس میچ میں خاص کاکردگی نہ دکھا سکے اور محض23رنز بنا کر پوویلین لو ٹ گئے ۔

(جاری ہے)

154 رنز پر نیوزی لینڈ کی آدھی ٹیم پولین لوٹ گئی جس کے باعث کیویز مشکلات کا شکار ہوگئے تاہم ہینری نکولس اور گرینڈ ہوم نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 109 رنزکی شراکت قائم کی، ہینری نکولس نے 52 اور گرینڈ ہوم نے 74 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہو سکا۔پاکستان نے ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے اظہر علی کی جگہ حارث سہیل کو پلئینگ الیون کا حصہ بنایا اور فہیم اشرف سے اوپننگ کروانےکا جوا کھیلا لیکن وہ صرف ایک رن بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔بابر اعظم کی ناکامیوں کا سلسلہ چوتھے میچ میں بھی جاری رہا او ر جب وہ محض 3رنز بنا کر ٹم ساﺅتھی کی گیند پر آﺅٹ ہوئے تو ٹیم صرف 11 رنز پر دو کھلاڑیوں سے محروم ہو چکی تھی۔

فخر زمان کا ساتھ دینے حارث سہیل آئے اور دونوں نے تیسری وکٹ کیلئے 86 رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا ازالہ کردیا تاہم مچل سینٹنر نے54 رنز بنانےوالے فخر کی وکٹیں بکھیر دیں۔دورے میں پہلا میچ کھیلنے والے حارث سہیل نے اپنا انتخاب درست ثابت کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی لیکن 50 رنز بنانے کے بعد کیوی قائد کین ولیمسن کی وکٹ بن گئے۔

شعیب ملک کا وکٹ پر قیام بھی مختصر رہا اور ولیمسن نے ان کی اننگز کا بھی 6رنز پر خاتمہ کر کے پاکستان کو پانچواں نقصان پہنچایا۔130 رنز پر آدھی ٹیم آﺅٹ ہونے کے بعد ایک مرتبہ پھر قومی ٹیم کے جلد پویلین لوٹنے کا خطرہ محسوس ہونے لگا لیکن کپتان سرفراز احمد اور محمد کیویز باﺅلرز کے خلاف ڈٹ گئے اور شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں،سرفراز احمد اپنے ون ڈے کیریئر کی 8ویں نصف سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ہی51رنز بنا کر بولٹ کا شکار بنے،ان کی حفیظ کے ساتھ شراکت داری98رنز کی رہی ۔

حسن دوسرے ون ڈے کی طرح دوبارہ اپنا جادو نہ چلا سکے اور محض ایک رن بنا کر ساﺅتھی کا شکار بن گئے ۔ حفیظ نے ٹرینٹ بولٹ کے آخری اوورمیں3چھکوں اور ایک چوکے کی مددسے 22رنز لیکر پاکستان کو 262رنز تک پہنچایا ، وہ آخری بال پر تیز سنگل لینے کی کوشش میں 81رنز بنا کر رن آﺅ ٹ ہوگئے ۔ نیوزی لینڈ کیلئے ساﺅتھی نے 3،ولیمسن نے 2اور سینٹنر اور بولٹ نے ایک ، ایک وکٹ لی ۔ 
وقت اشاعت : 16/01/2018 - 13:09:51