شعیب ملک کے نیوزی لینڈ کیخلاف 5ویں ون ڈے میں کھیلنے کا امکان روشن ہوگیا

بدھ 17 جنوری 2018 12:30

شعیب ملک کے نیوزی لینڈ کیخلاف 5ویں ون ڈے میں کھیلنے کا امکان روشن ہوگیا
ہیملٹن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16جنوری2018ء)قومی ٹیم کے سینئر بلے باز شعیب ملک کے نیوزی لینڈ کیخلاف پانچویں ون ڈے میں شرکت کے امکانات روشن ہوگئے ۔ہیملٹن میں کھیلے گئے چوتھے ون ڈے میچ میںشعیب ملک نے مچل سینٹنر کی گیند پر رن لینے کی کوشش کی تاہم نان سٹرائیکر اینڈ پر کھڑے محمد حفیظ نے رن لینے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہ کی اور انہیں واپس کریز میں جانے کا اشارہ کیا ، اس دوران کولن منرو نے کور سے آ کر گیند وکٹ کیپر کی جانب پھینکی جو سیدھا بغیر ہیلمٹ کے بیٹنگ کرنےوالے شعیب کے سر پر لگی،گیند لگنے کے بعد شعیب ملک زمین بوس ہو گئے اور انہیں طبی امداد دی گئی جس کے بعد وہ بیٹنگ کرنے کے قابل ہوئے تاہم کین ولیمسن کے اگلے ہی اوور میں بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں باﺅنڈری پر کیچ ہوگئے۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ کی اننگزکے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے شعیب ملک کی انجری کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پویلین لوٹنے کے بعد سابق کپتان کی انجری کا دوبارہ جائزہ لیا گیا اور ان میں چوٹ کے کچھ آثار نظر آئے جس کے باعث انہوں نے چوتھے ون ڈ ے میں مزید شرکت نہیں کی ۔قومی ٹیم اب ہیملٹن سے ویلنگٹن پہنچ گئی ہے اور ڈاکٹرز کی جانب سے کلیئرنس کے بعد شعیب ملک نے بھی ٹیم کےساتھ سفر کیا ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا تھا کہ شعیب ملک اس چوٹ سے تیزی سے ریکور کر رہے ہیں اور فی الوقت ان کا سکین کروانے کی ضرورت نہیں ہے ۔
وقت اشاعت : 17/01/2018 - 12:30:26