شعیب ملک نے سر پر لگنے والی گیند کی حالت نازک قرار دیدی

بدھ 17 جنوری 2018 12:53

شعیب ملک نے سر پر لگنے والی گیند کی حالت نازک قرار دیدی
ویلنگٹن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16جنوری2018ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے نیوزی لینڈ کیخلاف چوتھے ون ڈے میں سر پر گیند لگنے کے باوجود ہنسی مذاق کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا ۔ تفصیلات کے مطابق ہیملٹن میں کھیلے گئے چوتھے ون ڈے میچ میںشعیب ملک نے مچل سینٹنر کی گیند پر رن لینے کی کوشش کی تاہم نان سٹرائیکر اینڈ پر کھڑے محمد حفیظ نے رن لینے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہ کی اور انہیں واپس کریز میں جانے کا اشارہ کیا ، اس دوران کولن منرو نے کور سے آ کر گیند وکٹ کیپر کی جانب پھینکی جو سیدھا بغیر ہیلمٹ کے بیٹنگ کرنےوالے شعیب کے سر پر لگی،گیند لگنے کے بعد شعیب ملک زمین بوس ہو گئے اور انہیں طبی امداد دی گئی جس کے بعد وہ بیٹنگ کرنے کے قابل ہوئے تاہم کین ولیمسن کے اگلے ہی اوور میں بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں باﺅنڈری پر کیچ ہوگئے۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ کی اننگزکے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے شعیب ملک کی انجری کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پویلین لوٹنے کے بعد سابق کپتان کی انجری کا دوبارہ جائزہ لیا گیا اور ان میں چوٹ کے کچھ آثار نظر آئے جس کے باعث انہوں نے چوتھے ون ڈ ے میں مزید شرکت نہیں کی ۔اب شعیب ملک نے بھی اپنی صحت کے بارے میں مداحوں کو آگا ہ رکھنے کے لیے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر کا رخ کرتے ہوئے لکھا کہ ” الحمداللہ ، میں اب بہتر محسوس کررہاہوں تاہم میرے سر پر لگنے والی گیند کی حالت نازک ہے ، میرے لیے ٹویٹ کرنے، پیغامات بھیجنے اور نیک خواہشات کا اظہار کرنے کا شکریہ،مجھے اپنی دعاﺅں میں یاد رکھیے گا“۔
وقت اشاعت : 17/01/2018 - 12:53:25