پاکستان اور بھارت نے پانچویں ایک روزہ عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل 20 جنوری کو شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا

بدھ 17 جنوری 2018 19:40

پاکستان اور بھارت نے پانچویں ایک روزہ عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا
عجمان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2018ء) پاکستان اور بھارت نے پانچویں ایک روزہ عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل 20 جنوری کو شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ایم سی سی کرکٹ گرائونڈ عجمان میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔ پہلے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

بنگلہ دیش کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 38.5 اوورز میں 256 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ عبدالمالک نے 108 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے۔ بھارت کی طرف سے دور گا رائو نی3 جبکہ دیپک اور پرکاش نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں بھارت نے مطلوبہ ہدف 23 ویں اوور میں پورا کر لیا۔

(جاری ہے)

گنیش منڈوکر نی112رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ دیپک ملک نے 53رنز شکور کئے۔ اوول کرکٹ گرائونڈ عجمان میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو 156 رنز سے شکست دی۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 40 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 489 رنزبنائے۔ محمد راشد نے 139، کپتان نثار علی 99 جبکہ بدر منیر نے 72 رنز سکورکئے۔ جواب میں سری لنکا ٹیم نے مقررہ 40 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 333 رنز سکور کئے۔ چندانہ پریرا نے 100 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے بدر منیر نے 2 جبکہ محسن اور انیس جاوید نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ پاکستان کے راشد علی اور بھارت کے گنیش منڈوکر شاندار سنچریاں سکور کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
وقت اشاعت : 17/01/2018 - 19:40:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :