شمالی اور جنوبی کوریا آئندہ ماہ ونٹر اولمپکس گیمز میں ایک جھنڈے تلے مارچ کریں گے

بدھ 17 جنوری 2018 22:17

شمالی اور جنوبی کوریا آئندہ ماہ ونٹر اولمپکس گیمز میں ایک جھنڈے تلے مارچ کریں گے
سیئول۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2018ء)شمالی اور جنوبی کوریا نے آئندہ ماہ شیڈول ونٹر اولمپکس گیمز میں ایک جھنڈے تلے مارچ کرنے کے ساتھ ساتھ ویمنز آئس ہاکی ایونٹ میں مشترکہ ٹیم میدان میں اتارنے پر اتفاق کر لیا۔ ونٹر اولمپکس گیمز 9 سے 27 فروری تک جنوبی کوریا میں کھیلے جائیں گے۔

(جاری ہے)

شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان تعلقات گزشتہ دو برس سے انتہائی کشیدہ تھے تاہم اب دونوں میں برف پگھلنے لگی ہے، پہلے شمالی کوریا نے اپنی ٹیم کو میگا گیمز میں شرکت کیلئے جنوبی کوریا بھیجنے کا اعلان کیا تھا اور اب دونوں ممالک نے گیمز میں ایک جھنڈے تلے مارچ کرنے پر بھی اتفاق کر لیا، اس کے علاوہ دونوں نے ویمنز آئس ہاکی ایونٹ میں مشترکہ ٹیم بھی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کر لیا۔

جنوبی کورین ٹیم کے کوچز نے مشترکہ ٹیم میدان میں اتارنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے ٹیم کے میڈل جیتنے کی امیدوں کو دھچکا لگے گا تاہم اس کے باوجود جنوبی کوریا نے شمالی کورین کے حکام سے ملاقات کے دوران آئس ہاکی ایونٹ میں مشترکہ طور پر ویمنز ٹیم میدان میں اتارنے پر اتفاق کر لیا ہے۔
وقت اشاعت : 17/01/2018 - 22:17:15