36ویں قومی مینز اور پہلی قومی ویمن باکسنگ چیمپئن شپ کا آغاز ہو گیا

جمعہ 19 جنوری 2018 11:30

لاہور۔19جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء) لاہور میں36 ویں قومی مینز اور پہلی قومی ویمن باکسنگ چیمپئن شپ 20 جنوری سے واپڈا سپورٹس کمپلیکس شروع ہوگی۔چیمپئن شپ میں بلوچستان ،خیبر پختونخواہ ،پنجاب ،سندھ ،اسلام آباد ،آرمی ،نیوی ،پی اے ایف ،واپڈا ،ریلویز ،کراچی پورٹ ٹرسٹ ،کراچی الیکٹرک ،پولیس ،آزاد جمو کشمیر ،فاٹا اور گلگت بلتستان کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔

اِن ٹیموں کے 150کھلاڑی 10مختلف کیٹیگریز میں ایک دوسرے کے مّد ِ مقابل ہوں گے ۔ جن میں 46کلو گرام، 52کلو گرام، 56کلو گرام، 60کلو گرام،64کلو گرام،69کلو گرام،75کلو گرام،81کلو گرام،91کلو گرام اور+91کلو گرام کی کیٹیگریز شامل ہیں ۔باکسنگ کے کھیل کو خواتین میں مقبول بنانے کے لئے پہلی ویمنز نیشنل باکسنگ چمپیئن شپ کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے جس میں مختلف ایسوسی ایشنز اور صوبوں کی 24کھلاڑی 51کلو گرام،60کلو گرام اور 75 کلو گرام کی تین مختلف کیٹیگریز میں حصہ لیں گی ۔

(جاری ہے)

چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب جمعہ کو منعقد ہوئی ۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ)عارف حسن افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے ۔ جبکہ 24جنوری اڑھائی بجے سہ پہر منعقد ہونے والی اختتامی تقریب میں چیئرمین واپڈا اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے پیٹرن انچیف لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین مہمانِ خصوصی ہوں گے ۔
وقت اشاعت : 19/01/2018 - 11:30:31