دفاعی چیمپئن نسیم اختر نے قومی جونیئر انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپ جیت لی،محمد شہباز کو ہرا کر ٹائٹل کا کامیاب دفاع کیا

ٹائٹل فتح کے ساتھ ہی نسیم اختر 19ویں ایشین اور آئی بی ایس ایف ورلڈ انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپ میں ملک کی نمائندگی کے اہل ہو گئے

جمعہ 19 جنوری 2018 21:30

دفاعی چیمپئن نسیم اختر نے قومی جونیئر انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپ جیت لی،محمد شہباز کو ہرا کر ٹائٹل کا کامیاب دفاع کیا
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء) پنجاب کے کیوئسٹ اور دفاعی چیمپئن محمد نسیم اختر نے جوبلی انشورنس دسویں قومی جونیئر انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپ جیت لی، انہوں نے فیصلہ کن معرکے میں محمد شہباز کو 6-3 فریمز سے ہرا کر ٹائٹل کا کامیاب دفاع کیا، ٹائٹل فتح کے ساتھ ہی نسیم اختر رواں برس میانمار میں 19ویں ایشین اور چین میں شیڈول آئی بی ایس ایف ورلڈ انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپ میں ملک کی نمائندگی کے اہل ہو گئے، وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے جونیئر انڈر 21 اور جونیئر انڈر 18 چیمپئن شپ کے فاتح کیوئسٹس میں نقد انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں، اس موقع پر پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل اختر نواز گنجیرا، پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے صدر منور شیخ، پی بی ایس اے کے سابق صدر اور ایشین کنفڈریشن آف بلیئرڈز اینڈ سپورٹس کے سینئر نائب صدر عالم گیر شیخ، ایگزیکٹو نائب صدر جوبلی انشورنس فیاض احمد خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس، سنوکر ہال اسلام آباد میں کھیلے گئے جونیئر انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں نسیم اختر نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پنجاب کے ہی محمد شہباز کو 3 کے مقابلے میں 6 فریمز سے ہرا کر مسلسل دوسری مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، نسیم کی جیت کا سکور 63-26، 107-17، 23-60، 60-17، 35-66، 51-64، 61-12، 59-05 اور 65-53 رہا، ٹائٹل فتح کے ساتھ ہی نسیم نے رواں برس میانمار میں شیڈول انیسویں ایشین اور چین میں ہونے والی آئی بی ایس ایف ورلڈ انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپ میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ جونیئر انڈر 21 اور جونیئر انڈر 18 کے فاتح کیوئسٹس محمد نسیم اختر اور محمد عمر کو 50، 50 ہزار روپے نقد انعام اور ٹرافیاں دی گئیں۔
وقت اشاعت : 19/01/2018 - 21:30:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :