جے پی ڈومنی نے ایک اوور میں 37 رنز بنا کر نیا افریقی ریکارڈ بنا دیا

ہفتہ 20 جنوری 2018 15:26

جے پی ڈومنی نے ایک اوور میں 37 رنز بنا کر نیا افریقی ریکارڈ بنا دیا
جوہانسبرگ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20جنوری2018ء) جنوبی افریقی بلے باز جین پال ڈومینی لسٹ اے کرکٹ کی تاریخ میں ایک اوور میں زیادہ رنز سکور کرنےوالے دنیا کے دوسرے بلے باز بن گئے۔33سالہ ڈومنی نے گزشتہ روز مومینٹم ون ڈے کپ میں کیپ ٹاﺅن کوبراز کی نمائندگی کرتے ہوئے نائٹس کےخلاف میچ کے ایک اوور میں 37 رنز بٹور کر یہ کارنامہ انجام دیا۔

(جاری ہے)

240 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوبراز کی اننگز کے 37ویں اوور میں ڈومینی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ایڈی لائی کی پہلی چار گیندوں پر چھکے لگائے، 5ویں گیند پر دو رنز بنائے، لائلی کی چھٹی گیند نو بال تھی جس پر انہوں نے چوکا لگایا اور آخری گیند پر گیند کو باﺅنڈری سے باہر پھینک کر اوور میں 37رنز بٹورے ۔

اس کےساتھ ہی انہوں نے لسٹ اے کرکٹ میں جنوبی افریقہ کی طرف سے ایک اوور میں زیادہ رنز بنانے کا سابق جنوبی افریقی بلے باز ہرشل گبز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا جنہوں نے 2007 میں منعقدہ ورلڈ کپ میں ہالینڈ کے باﺅلر وان بونگے کو اوور میں مسلسل چھ چھکے لگائے تھے۔لسٹ اے کرکٹ کی تاریخ میں ایک اوور میں زیادہ رنز بنانے کا عالمی اعزاز زمبابوے کے آل راﺅنڈر ایلٹن چگمبھرا کو حاصل ہے جنہوں نے 14-2013 ءمیں ڈھاکا پریمئر لیگ میں بنگلہ دیشی باﺅلر علاﺅدین کے اوور میں 38 رنز بنائے تھے۔
وقت اشاعت : 20/01/2018 - 15:26:00