محمد عباس اور سہیل خان لیسٹرشائر کیلئے کھیلیں گے

ہمیں معیاری غیرملکی فاسٹ بولر کی تلاش تھی ،ْمحمد عباس معیار پر پورا اترتے ہیں ،ْہیڈ کوچ پال نکسن

اتوار 21 جنوری 2018 14:10

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2018ء)انگلش کاؤنٹی لیسٹرشائر نے پاکستانی فاسٹ بولرز محمد عباس اور سہیل خان کے ساتھ 2018 کے سیزن کے لیے معاہدہ کر لیا ہے۔27 سالہ بولر محمد عباس اس سیزن کے بیشتر میچوں کیلئے دستیاب ہوں گے جبکہ 33 سالہ سہیل خان اپریل اور جون میں لیسٹرشائر کا حصہ بنیں گے جب محمد عباس پاکستان کے دورہ انگلینڈ کیلئے شاید قومی ٹیم کا حصہ بن جائیں۔

محمد عباس اب تک پانچ ٹیسٹ میچوں میں 21.34 کی اوسط سے 23 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں جبکہ پاکستان میں ڈومیسٹک سطح پر وہ سنہ 2015-16 اور 2016-17 میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بھی ہیں۔ سہیل خان اب تک 24.37 کی اوسط سے 432 فرسٹ کلاس وکٹیں حاصل کر چکی ہیں اور 2016 میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے دورہ انگلینڈ کے دوران انھوں نے دو ٹیسٹ میچوں میں 25 رنز کی اوسط سے 13 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

(جاری ہے)

لیسٹرشائر کے ہیڈ کوچ پال نکسن کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک معیاری غیرملکی فاسٹ بولر کی تلاش تھی اور محمد عباس اس معیار پر پورا اترتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ان کا ٹیسٹ میچ ریکارڈ ایک منفرد کلاس رکھتا ہے، وہ ایک نیا کھلاڑی ہے اور انھیں خوشی ہے کہ وہ ان کی ٹیم کا حصہ بنے۔پال نکسن کا کہنا تھا کہ متبادل کھلاڑی کے طور پر اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنا اہم ہے اور سہیل خان کا سرخ اور سفید دونوں گیندوں سے ریکارڈ بہترین ہے۔
وقت اشاعت : 21/01/2018 - 14:10:41