سرفراز احمد نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں نئی گیند کو شکست کی وجہ قرار دے دیا

ہم مل کر بیٹھیں گے اور نئی گیند کے مسائل پر قابو پانے کی حکمت عملی پر غور کریں گے،سرفراز احمد

پیر 22 جنوری 2018 16:52

سرفراز احمد نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں نئی گیند کو شکست کی وجہ قرار دے دیا
ویلنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2018ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نئی گیند کو شکست کی وجہ قرار دے دیا۔ میچ میں عبرتناک شکست کا تمغہ سجانے کے بعد کپتان سرفراز احمد نے میچ کی اختتامی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گرین شرٹس نے میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کی لیکن نئی گیند کی وجہ سے مسائل کا سامنا کرنا پڑا، ہم مل کر بیٹھیں گے اور نئی گیند کے مسائل پر قابو پانے کی حکمت عملی پر غور کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محمد عامر اور رومان رئیس نے شروع کے اوورز میں اچھی بالنگ کی لیکن اگر 140 سے 150 رنز تک ہوتے تو میچ جیت سکتے تھے۔واضح رہے کہ ون ڈے میچز میں عبرتناک شکستوں کے وقت بھی کپتان سرفراز احمد نئی گیند کو ہی مسائل کا ذمہ دار قرار دیتے رہے تھے۔دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹم ساتھی نے کہا کہ انہو ں نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور بھرپور حکمت عملی اپنائی۔ ہماری کوشش تھی کہ جلد سے جلد وکٹس حاصل کریں اور ہم ایسا کرنے میں کامیاب رہے ۔خیال رہے کہ میچ میں کپتان ٹم ساتھی نے 4 اوورز میں 13 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔
وقت اشاعت : 22/01/2018 - 16:52:00