فیفا ورلڈ کپ 2018 کی ٹرافی3 فروری کو پاکستان پہنچے گی

منگل 23 جنوری 2018 20:15

فیفا ورلڈ کپ 2018 کی ٹرافی3 فروری کو پاکستان پہنچے گی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جنوری2018ء) فیفا ورلڈ کپ 2018 کی ٹرافی تین فروری کو پاکستان پہنچے گی ،ٹرافی نے لندن سے اپنے سفر کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے جو اپنے طویل دورے کے دوران دنیا کے چھ براعظموں کے 51 ملکوں کے 91 شہروں کا دورہ اور ایک لاکھ 52 ہزار کلومیٹر کا سفر9 ماہ میں طے کرے گی ،لندن میں منعقدہ ایک تقریب میں ٹرافی کے سفر کا آغاز کیا گیا جس میں 1966 کا فٹ بال ورلڈ کپ جیتنے والے انگلینڈ کے سابق عظیم کھلاڑی سر جیوف ہرسٹ اور 2006 کا ورلڈ کپ جیتنے والی اطالوی ٹیم کے رکن آندرے پرلو نے تقریب میں شرکت کی ،اس دورے کیلئے کوکا کولا نے فیفا سے تعاون کیا ہے اور تاریخ میں چوتھا موقع ہے کہ فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی کے دورے کیلئے کوکا کولا اور فیفا کا اشتراک ہوا ہے،اس مرتبہ فیفا نے کئی ایسے ملکوں کو بھی دورے کا حصہ بنایا ہے جہاں اس سے قبل فیفا ٹرافی کو نہیں لے جایا گیا ، منگولیا، آئس لینڈ اور آسٹریا پہلی مرتبہ ورلڈ کپ ٹرافی کی میزبانی کریں گے،اس دورے کے آغاز سے قبل ٹرافی نے ورلڈ کپ کے میزبان روس کا تین ماہ طویل دورہ کیا تھا جہاں اس نے 16 شہروں کے دورے کے دوران 16ہزار کلومیٹر کی مسافت طے کی جس کے ساتھ ہی فیفا کی ٹرافی کا کسی بھی ملک کا سب سے لمبا دورہ بن گیا،فٹ بال کرہ ارض کا مقبول ترین کھیل ہے، فیفا نے پاکستان کی بنیادی رکنیت معطل کررکھی ہے لیکن اس کے باوجود رواں سال میں روس میں ہونیوالے فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کی ٹرافی پاکستان بھی لائی جائے گی، فیفا اور فٹ بال ورلڈ کپ کے سپانسرز کے تعاون سے فٹ بال ورلڈ کپ کی ٹرافی 3 فروروی کو لاہور لائی جائے گی،ورلڈ کپ ٹرافی کو مینار پاکستان نمائش کیلئے رکھا جائے گا جبکہ ورلڈ کپ ٹرافی ایک روز لاہور میں رہے گی جہاں اس کی 3 مقامات پر نمائش ہوگی، فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کا میلہ روس میں سجے گا،آرگنائرز کے مطابق فٹ بال دنیا کا سب سے مشہور کھیل ہے، پاکستان میں ٹرافی آنے سے مثبت تاثر جائے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان نیشنل فٹ بال ٹیم کے 16 نمائندے تھائی لینڈ کے شہر چیانگ مائی جائیں گے اور فیفا ورلڈ کپ ٹرافی لاہور لائیں گے۔
وقت اشاعت : 23/01/2018 - 20:15:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :