آل پاکستان انٹر بورڈ سپورٹس گالا کل اسلام آباد میں شروع ہوگا

سپورٹس گالا میں26ایجوکیشن بورڈز کی ٹیموں کے بوائز اور گرلز کھلاڑی حصہ لیں گے،بوائز مقابلوں میں اتھلیٹکس، فٹ بال، والی بال، کراٹے اور چک بال، خواتین مقابلوں میں اتھلیٹکس، رسہ کشی، نیٹ بال، ٹیبل ٹینس اور والی بال شامل

بدھ 24 جنوری 2018 16:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جنوری2018ء) آل پاکستان انٹر بورڈ سپورٹس گالا کل جمعرات سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل شاہد اسلام نے بتایا کہ سپورٹس گالا کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ سپورٹس گالا میں ملک بھر سے 26 ایجوکیشن بورڈز کی ٹیموں کے بوائز اور گرلز کھلاڑی حصہ لیں گے، گرلز کھلاڑیوں کے مقابلے 25 سے 28 جنوری تک ہوںگے جبکہ بوائز کھلاڑیوں کے مقابلے 30 جنوری سے 2 فروری تک منعقد ہونگے۔

بوائز اور گرلز کھلاڑی پانچ، پانچ مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ بوائز مقابلوں میں اتھلیٹکس، فٹ بال، والی بال، کراٹے اور چک بال جبکہ خواتین مقابلوں میں اتھلیٹکس، رسہ کشی، نیٹ بال، ٹیبل ٹینس اور والی بال شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ایونٹ میں شرکت کیلئے گرلز کھلاڑی 24 جنوری کو جبکہ بوائز کھلاڑی 29 جنوری کو اسلام آباد میں پہنچیں گے۔ شاہد اسلام نے بتایا کہ ایونٹ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور پاکستان سپورٹس بورڈ گالا کیلئے سہولیات فراہم کرے گا اور ایونٹ کو شایاں شان طریقے سے منعقد کروانے کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ہیں۔

میڈیا کمیٹی میں پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر محمد اعظم ڈار چیئرمین جبکہ ممبران میں مالاکنڈ بورڈ کے ڈائریکٹر سپورٹس فرمان اللہ خان، پاکستان سپورٹس بورڈ کی اسٹنٹ ڈائریکٹر شازیہ اعجاز شامل ہیں۔ ٹیکنیکل کمیٹی کے چیئرمین پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل شاہد اسلام چیئرمین ہونگے جبکہ ممبران میں منظر خان، نصراللہ رانا اور کیپٹن محمد اشرف شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 24/01/2018 - 16:43:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :