سینئر کھلاڑیوں کے پرفارم نہ کرنے کی وجہ سے ٹیم میں خلا پیدا ہوا،

فتوحات کی طرف گامزن ہونے کیلئے مجھ سمیت دیگر سینئر کھلاڑیوں کو کردار ادا کرنا ہو گا، چندیمل

بدھ 24 جنوری 2018 21:26

سینئر کھلاڑیوں کے پرفارم نہ کرنے کی وجہ سے ٹیم میں خلا پیدا ہوا،
میرپور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2018ء)سری لنکن ٹیم کے قائم مقام کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز دنیش چندیمل نے کہا ہے کہ سینئر کھلاڑیوں کے پرفارم نہ کرنے کی وجہ سے ٹیم میں بڑا خلا پیدا ہوا، فتوحات کی طرف گامزن ہونے کیلئے سینئر کھلاڑیوں کو کردار ادا کرنا ہو گا، سہ ملکی سیریز کے آخری میچ میں بنگلہ دیش کو ہرانے کیلئے پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں سہ ملکی سیریز کے آخری میچ میں (آج) جمعرات کو آمنے سامنے ہوں گی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی ٹیم کے سینئر کھلاڑی تسلسل کے ساتھ عمدہ پرفارم کر رہے ہیں، اگر وہ بڑا سکور کرتی ہے تو اس میں بھی تمیم، شکیب یا مشفق کا کردار ہوتا ہے، وہ گزشتہ نو سے دس سال سے مسلسل کرکٹ کھیل رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اس وقت وہ بہترین ٹیم بن چکی، بدقسمتی سے ہماری ٹیم میں بشمول میرے سینئر کھلاڑی پرفارم نہیں کر رہے جس کی وجہ سے ہمیں ناکامیوں کا سامنا ہے، فتوحات کی طرف گامزن ہونے کیلئے سینئر کھلاڑیوں کو اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانا ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ڈیڑھ سال سے ہمارے کھلاڑیوں کی فٹنس بھی باعث تشویش ہے لیکن مجھے پوری امید ہے کہ کھلاڑی جاندار کم بیک کرتے ہوئے ٹیم کو دوبارہ فتوحات دلوانے میں کردار ادا کریں گے۔ بنگلہ دیش کو آخری میچ میں زیر کر کے سہ ملکی سیریز کے فائنل میں پہنچنے کیلئے پر جوش ہیں، کھلاڑیوں کو آگاہ کر دیا ہے کہ ڈٹ کر مقابلے کیلئے تیار رہیں اور جیت کیلئے انہیں کھیل کے تینوں شعبوں میں عمدہ پرفارم کرنا ہو گا۔
وقت اشاعت : 24/01/2018 - 21:26:00