دوسرا ٹی ٹونٹی، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو48رنز سے ہرا دیا

جمعرات 25 جنوری 2018 14:16

دوسرا ٹی ٹونٹی، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو48رنز سے ہرا دیا
آکلینڈ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25جنوری2018ء)دوسرے ٹی ٹونٹی میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 48رنز سے ہرا کر 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز 1-1سے برابر کردی ۔ایڈن پارک، آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے 202رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز کاآغاز کیا تو کولن منرو محض 1رن بنا کر محمد عا مر کی گیند پر ایل بی ڈبلیوہوگئے ، کپتان کین ولیمسن کو کھاتہ کھولنے کا بھی موقع نہ ملا ، و ہ رومان رئیس کا شکار بنے،نمبر 4پر بیٹنگ کیلئے آنے والے ٹام بروس ابھی صرف 11رنز ہی بنا سکے تھے جب انہیں حارث سہیل نے نان سٹرائیکر اینڈ پر رن آﺅٹ کردیا ، اوپنر مارٹن گپٹل آج بجھے بجھے نظر آئے اور 27گیندوں پر 26رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے ۔

گلین فلپس کو فہیم اشرف نے پوویلین چلتا کیا جبکہ چوتھے ون ڈے میچ میں شاندار بیٹنگ کرنےوالے گرینڈ ہوم کو شاداب خان نے سٹمپ آﺅٹ کروایا ۔

(جاری ہے)

بین ویہلر کی اننگز کا خاتمہ حسن علی کے ہاتھوں 30رنز سکور کرنے کے بعد ہوا جبکہ سینٹنر37رنز بنانے کے بعد محمد عامر کا شکار بنے اور نیوزی لینڈ کی اننگز کا خاتمہ 153رنز پر ہوا ، پاکستان کیلئے فہیم اشرف نے 3، محمد عامر اور شاداب خان نے2،2جبکہ حسن علی اور رومان رئیس نے1،1شکار کیا ۔

اس سے قبل 3 ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا،مہمان ٹیم کیلئے اننگز کا آغاز فخرزمان اور احمد شہزاد نے کیا، دونوں اوپنرز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 94 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد احمد شہزاد 44 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے ،فخرزمان نے نصف سنچری سکور کی اور 96 کے مجوعی سکور پر آﺅٹ ہوگئے۔

کپتان سرفراز احمد اور بابر اعظم نے اوپنرز کے عمدہ آغاز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے 48گیندوںپر 91رنز کی شراکت داری قائم کی ،سرفراز احمد24گیندوں پر 2چوکوں اور3چھکوں کی مدد سے 41رنز بنانے کے بعد ویہلر کی گیند پر آﺅٹ ہوئے ، آخری اوورز کابھر پور فائدہ اٹھانے کے لیے بھیجے گئے فہیم اشرف بھی کچھ نہ کرسکے اور بغیر کوئی رن بنائے پوویلین لوٹ گئے ، بابر اعظم نے اننگز کی آخری گیند پر چوکارسید کرکے اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر کی تیسری نصف سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کا سکور4وکٹوں کے نقصان پر 201رنز تک پہنچایا ، وہ 29گیندوں پر 5چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 50رنزکے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔

پاکستانی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے ٹور میں ابھی تک مسلسل ناکامیوں کا سامنا رہا تھا ، ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کے بعد ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹونٹی میں بھی قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور سیریز میں واپسی کےلئے پاکستان کو آج کا میچ جیتنا ضروری تھا۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ پاکستان کو 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کرچکا ہے ۔ 
وقت اشاعت : 25/01/2018 - 14:16:16