سہ ملکی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز، سری لنکا نے بنگلہ دیش کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا، آئی لینڈرز نے 83 رنز کا آسان ہدف 11.5 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان حاصل کیا، سرنگا لکمل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

جمعرات 25 جنوری 2018 15:24

ڈھاکا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2018ء) سری لنکا سہ ملکی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کے فائنل میں پہنچ گیا، آئی لینڈرز نے سیریز کے آخری میچ میں میزبان بنگلہ دیش کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کی اور اس کے ساتھ ہی فائنل کیلئے بھی کوالیفائی کر لیا، آئی لینڈرز نے 83 رنز کا آسان ہدف 12ویں اوور میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر پورا کیا، سرنگا لکمل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو کھیلے گئے سہ ملکی سیریز کے آخری میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم کے قائد مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، میزبان ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 24 اوورز میں 82 رنز پر ڈھیر ہو گئی، آئی لینڈرز کے بائولرز کی عمدہ لائن و لینتھ بائولنگ کے سامنے بنگال ٹائیگرز کے بلے بازوں نے گھٹنے ٹیک دیئے کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا، مشفق الرحیم 26 اور صابر رحمان 10 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے، تمیم اقبال 5، انعام الحق صفر، شکیب الحسن 8، محموداللہ 7، ناصر حسین 3، کپتان مشرفی ایک اور روبیل حسین بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، سرنگا لکمل نے 3 جبکہ چمیرا، پریرا اور سنداکن نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جواب میں سری لنکا نے مطلوبہ ہدف 12ویں اوور کی پانچویں گیند پر بغیر کسی نقصان حاصل کیا، اپل تھرنگا 39 اور گونا تھلیکا 35 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

وقت اشاعت : 25/01/2018 - 15:24:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :