جاپان کراٹے ایسوسی ایشن پاکستان کے تحت چوتھا دو روزہ قومی کراٹے کیمپ کا انعقاد

ْجڑواں شہروںکے مختلف سکولوں کے سینکڑوں بچوں اور بچیوں کو سیلف ڈیفنس کی تربیت فراہم کی گئی امید ہے کھلاڑیوں نے کراٹے کے ورلڈ چمپئن کی موجودگی سے فائدہ اٹھایا ہو گا ،کھیل کے بہت سے نئے طریقوں کو جانا ہو گا،جاپانی سفیر تاکاشی کورائی

جمعرات 25 جنوری 2018 22:10

جاپان کراٹے ایسوسی ایشن پاکستان کے تحت چوتھا دو روزہ قومی کراٹے کیمپ کا انعقاد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2018ء) جاپان کراٹے ایسوسی ایشن پاکستان کے تحت چوتھا دو روزہ قومی کراٹے کیمپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے لیاقت جمنازیم میں جمعرات کو منعقد ہوا۔ تربیتی کیمپ میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے سکولوں سے شامل ہونے والے سینکڑوں بچوں اور بچیوں کو سیلف ڈیفنس کی تربیت فراہم کی گئی۔ اسلام آباد میں جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

کراٹے کے تربیتی کیمپ میں کراٹے کے ورلڈ چمپئن ، کراٹے کے ساتویں ڈان اور جاپان کراٹے ایسوسی ایشن کے سربراہ شینا کتسوتوشی نے پاکستان میں کراٹے لے کھلاڑیوں اور سکولوں کے بچوں کو کراٹے کی کوچنگ کی اور کراٹے کی ایڈوانس طریقوں کے بارے میں بتایا۔ اس موقع پر جاپانی سفیر تاکاشی کورائی نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے کراٹے کے ورلڈ چمپئن کی موجودگی سے بہتر فائدہ اٹھایا ہو گا اور کھیل کے بہت سے نئے طریقوں کے متعلق جانا ہو گا۔

(جاری ہے)

تربیتی کیمپ میں بچوں کو سلف ڈیفنس کی تربیت بھی دی گئی اور انہیں بتایا گیا کہ وہ کسی اجنبی اور اچانگ حملے کی صورت میں اپنا دفاع کیسے کر سکتے ہیں۔ بچوں کو عملی مظاہرہ کر کے سیکھایا گیا کہ نہتے ہوتے ہوئے بھی وہ کیسے کسی پر تشدد حملے کو روک سکتے ہیں، حملہ آور کا مقابلہ کیسے کیا جا سکتا ہے اور اتنا وقت کیسے حاصل کیا جا سکتا ہے کہ بحفاظت ایسی جگہ سے فرار ہوا جا سکے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد کے سکولوں سے پانچ سے بارہ سال کے بچوں اور بچیوں نے بڑی تعداد میں سیلف ڈیفنس کی ان مشقوں میں حصہ لیا۔ اس موقع پر جاپان کراٹے ایسوسی ایشن کے پاکستان میں نمائندہ طارق احمد نے کہا پاکستان کے معروضی حالات میں بچوں کیلئے سیلف ڈیفنس کی تربیت حاصل کرنا بہت ضروری ہے۔ تربیتی کیمپ کے اختتام پر مہمان خصوصی نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کراٹے کے کھلاڑیوں میں انعامات اور سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے۔
وقت اشاعت : 25/01/2018 - 22:10:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :