کیرون پولارڈ 400ٹونٹی ٹونٹی میچز کھیلنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے

جمعہ 26 جنوری 2018 13:11

کیرون پولارڈ 400ٹونٹی ٹونٹی میچز کھیلنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے
ایڈیلیڈ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26جنوری2018ء) ویسٹ انڈین آل راﺅنڈرکیرون پولارڈ نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں 400میچز کھیلنے کا اعزاز حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ 30سالہ پولارڈ نے بگ بیش لیگ میں ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ اعزاز حاصل کیا۔ اس فہرست میں دوسرا نمبر پولارڈ کے ہم وطن ڈووین براوو کا ہے جو اب تک 372 میچز کھیل چکے ہیں جبکہ ایک اور ویسٹ انڈین کھلاڑی کرس گیل 323 میچز کھیل کر تیسرے نمبر پر موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

کیرون پولارڈ 2006ءمیں مختصر طرز کے مقابلوں میں ڈیبیو کرنے کے بعد سے اب تک30.08کی اوسط سے 7853 رنز سکور کرچکے ہیں جن میں39نصف سنچریاں بھی شامل ہیں ، وہ باﺅلر کی حیثیت سے 245 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگانے میں بھی کامیاب رہے ہیں،پولارڈ نے 101ون ڈے اور56ٹی ٹونٹی مقابلوں میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کررکھی ہے ۔وہ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں ، اس فہرست میں پہلا نمبر کرس گیل کا ہے جو اب تک 11068رنز سکور کرچکے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برینڈن میکولم اب تک اس فارمیٹ میں 8769رنز بنا چکے ہیں ۔ 

وقت اشاعت : 26/01/2018 - 13:11:42