35 پنکچر کا دعویٰ،نجم سیٹھی کا ڈاکٹر شاہد مسعود کیخلاف نوٹس لینے کا مطالبہ

چیف جسٹس شاہد مسعود سے یہ بھی پوچھیں کہ میرے خلاف عائد کیے جانے والے 35 پنکچر کے الزام کا ثبوت دیں، یہ کیس گزشتہ 3 سال سے سیشن کورٹ میں زیر سماعت ہے لیکن اینکر کے عدالت میں پیش نہ ہونے کی وجہ سے لٹکا ہوا ہے،نجم سیٹھی کا ٹوئٹر پیغام

اتوار 28 جنوری 2018 17:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جنوری2018ء) سابق نگران وزیراعلی پنجاب اور موجودہ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی چیف جسٹس سے ڈاکٹر شاہد مسعود کے 35 پنکچر والے دعوی کا بھی نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ننھی کلی زینب کے قتل کیس ازخود نوٹس کی سماعت ہوئی ملزم عمران کے بینک اکانٹس و دیگر الزامات کے بارے ڈاکٹر شاہد مسعود عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کو موقع غنیمت جانتے ہوئے نجم سیٹھی نے بھی چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ کردیا کہ ڈاکٹر شاہد مسعود کے 35 پنکچر دعوی کا نوٹس لیا جائے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے چیف جسٹس آف پاکستان سے ڈاکٹر شاہد مسعود کے 35 پنکچر کے دعوی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس پاکستان ، ڈاکٹر شاہد مسعود سے یہ بھی پوچھیں کہ میرے خلاف عائد کیے جانے والے 35 پنکچر کے الزام کا ثبوت دیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کیس گزشتہ 3 سال سے سیشن کورٹ میں زیر سماعت ہے لیکن اینکر کے عدالت میں پیش نہ ہونے کی وجہ سے لٹکا ہوا ہے۔ خیال رہے کہ ڈاکٹر شاہد مسعود نے سب سے پہلے اپنے پروگرام میں 35 پنکچر کا دعوی کیا تھا جس کے بعد عمران خان نے نجم سیٹھی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور 126 دن کا دھرنا بھی دیا۔
وقت اشاعت : 28/01/2018 - 17:40:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :