آل راونڈر شعیب ملک نے انجری سے چھٹکارا حاصل کرنے کے بعد ٹریننگ شروع کر دی

جمعرات 1 فروری 2018 17:52

آل راونڈر شعیب ملک نے انجری سے چھٹکارا حاصل کرنے کے بعد ٹریننگ شروع کر دی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 فروری2018ء)قومی کرکٹ ٹیم کے سینئر آل راونڈر شعیب ملک نے انجری سے چھٹکارا حاصل کرنے کے بعد ٹریننگ شروع کر دی ہے۔شعیب ملک نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز میں سر پر گیند لگنے کے باعث ٹی ٹوئنٹی میچز نہیں کھیل پائے تھے تاہم چند روز اہلیہ ثانیہ مرزا کے ساتھ دبئی میں قیام کے بعد وہ سیالکوٹ واپس آ گئے اور نیٹ پریکٹس بھی شروع کر دی ہے، وہ جلد دوبارہ ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے آل راونڈر شعیب ملک 16جنوری کو نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ میچ میں سر پر چوٹ لگنے سے عارضی طور پر بے ہوش ہو گئے تھے۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شعیب ملک ایک تیز رن لینے کے لیے کریز سے نکلے لیکن پھر اراردہ ترک کر کے کریز کی جانب واپس جا رہے تھے کہ ایک فیلڈر کی پھینکی ہوئی گیند ان کے سر کے پچھلے حصے میں لگی، انہوں نے اس وقت ہیلمٹ نہیں پہنا ہوا تھا۔35 سالہ ملک نے بیٹنگ جاری رکھی، لیکن صرف چار مزید گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد وہ چھ رنز کے انفرادی سکور پر آوٹ ہو گئے۔ بعد میں جب نیوزی لینڈ کی ٹیم بلے بازی کے لیے آئی تو شعیب ملک میدان میں نہیں آ سکے۔۔
وقت اشاعت : 01/02/2018 - 17:52:42