پاکستان ہاکی کے لئے نچلی سطح پر ہمارے وژن پر کراچی ہاکی ایسوسی ایشن عمدگی سے عمل پیرا ہے۔ خالد سجاد کھوکر

Fکے وژن کے مطابق سیکریٹری شہباز احمد سینئر کی ہدایت پر رجسٹریشن سافٹ ویئر بنا لیا گیا ہے۔ ڈاکٹر جنید علی شاہ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹریٹ کی افتتاحی تقریب سے گلفراز احمد خان اور سید حیدر حسین کا خطاب

جمعہ 2 فروری 2018 22:15

پاکستان ہاکی کے لئے نچلی سطح پر ہمارے وژن پر کراچی ہاکی ایسوسی ایشن عمدگی سے عمل پیرا ہے۔ خالد سجاد کھوکر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2018ء) کراچی ہاکی ایسوسی ایشن گراس روٹ لیول پر ہمارے وژن کے عین مطابق پاکستان ہاکی کے فروغ کے لئے نہایت عمدگی سے عمل پیرا ہے ان خیالات کا اظہار کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے نئے سیکریٹریٹ کی افتتاحی تقریب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکر نے کیا اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری اولمپئن شہباز سینیئر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان ہاکی کے کھوئے ہوئے وقار کے احیاء اور فروغ کے لئے باقاعدہ منصوبہ بندی سے بتدریج کام کر رہے ہیں اور اس عمل میں ایسوسی ایشن کی سطح پر پاکستان بھر کے یونٹ ہمارے شانہ بشانہ ہیں لیکن کراچی ہاکی ایسوسی ایشن جس تخلیقی ذہن کے ساتھ ہمارے وژن کے مطابق نچلی سطح پر ہاکی کے فروغ کے لئے کوشاں ہے وہ نہ صرف قابل تحسین ہے بلکہ قابل تقلید بھی ہے اس سلسلے میں کے ایچ اے نے مثالی کردار کا مظاہرہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان ہاکی فیڈریشن اور کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کی ہم آہنگی ہاکی کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگی۔ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر جنید علی شاہ نے کہا کہ ہم پاکستان ہاکی فیڈریشن کا حصہ ہیں اور رہیں گے ہم نے پی ایچ ایف کے وژن کے مطابق سیکریٹری اولمپئن شہباز احمد سینئر کی ہدایت پر کلب رجسٹریشن کے حوالے سے ایک سافٹ ویئر بھی ڈیزائن کیا ہے جو مرکزی سطح پر فیڈریشن کے نظام سے منسلک ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سب سے پہلے کلب رجسٹریشن کے عمل سے اس سافٹ ویئر کا عملی مظاہرہ کیا ہے جو پورے پاکستان کی ایسوسی ایشن کے لئے قابل تقلید نمونہ ہے ہم ہر سطح پر فیڈریشن کے وژن کو آگے بڑھانے میں عمل کردار ادا کرتے رہیں گے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے چیئرمین گلفراز احمد خان نے اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکر، سیکریٹری اولمپئن شہباز احمد سینئر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مفادات سے بالاتر ہو کر ہماری یکجہتی ہی پاکستان میں ہاکی کے فروغ کی نئی صبح طلوع کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم فیڈریشن کو قومی ٹیم کے لئے نوجوان پرعزم کھلاڑیوں کی تازھ دیم کھیپ مہیا کریں گے جو قومی ٹیم میں منتخب ہو کر ماضی کے سنہری دور کو واپس لوٹانے میں اپنا کردار ادا کریں گے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری سید حیدر حسین نے کہا کہ ہمیں عملی کام کے ذریعے مثبت پیغام دینا چاہتے ہیں تاکہ محض زبانی دعوئوں کی بجائے فیڈریشن کے ہاتھ مضبوط کرنے کے لئے نچلی سطح پر کھلاڑیوں کے پول میں اضافہ کر کے ہاکی کو فروغ دیں ہماری مسلسل جدوجہد نے کراچی میں کئی ڈپارٹمنٹ میں کھلاڑیوں پر ملازمتوں کے دروازے کھول دئے جس سے نوجوانوں میں ہاکی سے دلچسپی اور رغبت بڑھی ہے۔

تقریب میں کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکر سیکریٹری اولمپئن شہباز سینیئر کو سووینئر پیش کئے اس موقع پر اولمپئن حنیف خان، اولمپئن افتخار سید، عرفان سینیئر، نعیم احمد، ڈائریکٹر اسپورٹس کے ڈی اے خرم عارف، ڈائریکٹر اسپورٹس کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اعظم خان، سینئر نائب صدر اعجازالدین، محسن علی خان، رحمان خان، ڈاکٹر ایس اے ماجد، جاوید اقبال، رائو جاوید اقبال، عبدالعظیم خان، صغیر خان، اراکین مجلس عاملہ ریاض الدین انیس کیانی، انور فاروقی، راجہ انور کمال، زاہد محمود، ندیم احمد، عبدالمعید خان، سید امتیاز الحسن، ماجد رفیق، شاہد نذیر اور دیگر بھی موجود تھے۔
وقت اشاعت : 02/02/2018 - 22:15:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :