فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی پاکستان پہنچ گئی

ہفتہ 3 فروری 2018 11:59

فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی پاکستان پہنچ گئی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3فروری2018ء) اصلی سونے سے بنی فیفا فٹبال ورلڈ کپ ٹرافی عالمی دورے کے سلسلے میں لاہور پہنچ گئی۔روس میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ سے پہلے ٹرافی کا عالمی دورہ 22 جنوری سے شروع ہوا تھا، جو آج لاہور پہنچی ہے،فیفا اور پاکستانی نمائندوں کا وفد تھائی لینڈ کے چیانگ مائی ائیرپورٹ سے خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستان آیا ہے ،اس وفد میں فرانس کے سابق فٹبالر کرسچین کیرمبیو اور فیفا کے دیگر نمائندے شامل ہیں، پاکستانی وفد میں سابق کپتان یونس خان، گلوکارہ مومنہ مستحسن، قراة العین بلوچ، اداکارہ مایا علی اور دیگر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کےلئے کچھ ہی دیر میں ایک شاندار تقریب منعقد کی جائے گی جس میں ٹرافی کی نمائش ہوگی جس میں ملک کی مختلف نامور شخصیات سمیت دیگر افراد شرکت کریں گے،اس کے بعد یہ ٹرافی عوام کےلئے رکھی جائےگی جہاں وہ ٹرافی کےساتھ تصاویر بنوا سکیں گے۔فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کا وزن 6 کلو گرام سے زائد ہے جو 18 قیراط سونے سے بنائی گئی ہے۔ فیفا شیڈول کے مطابق ورلڈ کپ ٹرافی پاکستان کے بعد 4 فروری کو قازقستان روانہ ہوگی۔ یہ ٹرافی چھ براعظموں کے 51 ممالک کے 91 شہروں کا سفر کرے گی جو 30 اپریل کو جاپان میں ختم ہوگا جہاں سے اسے روس پہنچایا جائے گا۔

فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی پاکستان پہنچ گئی
وقت اشاعت : 03/02/2018 - 11:59:05