ڈیوس کپ ٹائی، پاکستان نے جنوبی کوریا کو 4-0 سے شکست دے کر دوسرے رائونڈ میں جگہ بنا لی، سنگلز اور ڈبلز کے بعد ریورس سنگل مقابلے میں بھی پاکستان فتح یاب رہا

ہفتہ 3 فروری 2018 21:39

ڈیوس کپ ٹائی، پاکستان نے جنوبی کوریا کو 4-0 سے شکست دے کر دوسرے رائونڈ میں جگہ بنا لی، سنگلز اور ڈبلز کے بعد ریورس سنگل مقابلے میں بھی پاکستان فتح یاب رہا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 فروری2018ء) ڈیوس کپ ٹائی ایشیا اوشنیا زون گروپ ون ابتدائی رائونڈ میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو 4-0 سے شکست دے کر دوسرے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا، اعصام اور عقیل خان پر مشتمل پاکستانی جوڑی نے ڈبلز مقابلے میں کورین جوڑی کو شکست دے کر ٹیم کو ٹائی میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری دلائی اور بعدازاں عابد علی اکبر نے ریورس سنگل مقابلے میں کورین کھلاڑی کو ہرا کر ٹیم کو 4-0 سے برتری دلائی۔

پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں ٹائی کے دوسرے روز ڈبلز مقابلے میں اعصام الحق اور عقیل خان نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سون وو کو ں اور یونگ لم پر مشتمل کورین جوڑی کو 2-0 سیٹس سے ہرا کر ٹیم کو ٹائی میں 3-0 سے کامیابی دلائی، بعدازاں ریورس سنگل مقابلے میں پاکستانی کھلاڑی عابد علی اکبر نے کورین کھلاڑی کو 2-0 سیٹ سے ہرا کر کامیابی سمیٹی، اسطرح پاکستان نے کوریا کو 4-0 کے مارجن سے ہرا کر دوسرے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کیا، پاکستانی کھلاڑیوں نے ابتدائی روز سنگلز مقابلے جیت کر ٹائی میں 2-0 کی برتری حاصل کر رکھی تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سینیٹر سلیم سیف اللہ، پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل منصور احمد،، ڈائریکٹر نیشنل فیڈریشن محمد اعظم ڈار کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ پاکستانی ٹینس ٹیم کے نان پلیئنگ کپتان کوچ حمید الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی کامیابی پر بہت خوش ہوں، آج کا دن بہت یادگار ہے۔ اعصام الحق نے کہاکہ کوئی شک نہیں کہ ٹینس کے لئے آج ایک تاریخی دن ہے، حکومت کو چاہیے کہ کرکٹ کے علاوہ دوسرے کھیلوں کو بھی سپورٹ کرے۔
وقت اشاعت : 03/02/2018 - 21:39:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :