پولو کپ 2018ء ماسٹر پینٹس بلیک نے آرمی ریڈ کو 5-1 سے شکست دیدی

بدھ 7 فروری 2018 18:25

پولو کپ 2018ء ماسٹر پینٹس بلیک نے آرمی ریڈ کو 5-1 سے شکست دیدی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2018ء) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام ماسٹر پینٹس پولو کپ 2018ء کے دوسرے روز صوفی محمد عامر اور حسام علی حیدر کے شاندار کھیل کی بدولت ماسٹر پینٹس بلیک نے آرمی ریڈ کو 5-1 سے شکست دیدی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب کے زیراہتمام ماسٹر پینٹس پولو کپ میں دلچسپ مقابلے جاری ہیں۔ اس موقع پر لاہور پولو کلب کے صدر عرفان علی حیدر، ایگزیکٹو کمیٹی ممبرز، فیملیز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

لاہور پولو کلب کے صدر عرفان علی حیدر نے ماسٹر پینٹس کے سی ای او صوفی محمد امین اور ڈائریکٹر فاروق امین صوفی کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ٹورنامنٹ کو سپانسر کیا۔ قبل ازیں ٹورنامنٹ کا نام ونٹر پولو کپ تھا۔ ماسٹر پینٹس بلیک اور آرمی ریڈ کے درمیان زبردست میچ ہوا۔

(جاری ہے)

ماسٹر پینٹس کی ٹیم پہلے چکر سے ہی آرمی ریڈ پر حاوی رہی حالانکہ آرمی کی ٹیم کو آدھے گول کا ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج بھی حاصل تھا۔

پہلے چکر میں ثاقب خاکوانی نے گول سکور کرکے برتری حاصل کرلی۔ دوسرے چکر میں صوفی محمد عامر نے دو خوبصورت فیلڈ گول کرکے برتری کو مستحکم کردیا۔ دوسرے چکر میں ہی حسام علی حیدر نے ایک اور گول سکور کردیا۔ تیسرے چکر میں دونوں ٹیموں نے کوئی گول سکور نہ کیا۔ چوتھے چکر میں حسام علی حیدر نے پانچواں گول سکور کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ آرمی ریڈ کی طرف سے مائیگل لوئیس دگن نے واحد گول سکور کیا۔ آج بروز جمعرات دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ ڈائمنڈ کا مقابلہ آرمی وائٹ سے دوسرا مقابلہ باڑیز اور نیوایج/گارڈ گروپ کی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔
وقت اشاعت : 07/02/2018 - 18:25:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :