سپورٹس کا فروغ لڑکیوں میں اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنے کا حوصلہ پیداکر رہا ہے‘میاں مجتبیٰ شجاع

کھیل، تعلیم اور ملازمتوں کے مواقع سمیت ہر شعبہء زندگی میں خواتین کی نمائندگی میں وقت کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے پنجاب حکومت نے خواتین کے حقوق و توقیر یقینی بنانے کیلئے متعددقوانین پنجاب اسمبلی سے منظور کرائے ہیں‘صوبائی وزیر کا خطاب

جمعہ 9 فروری 2018 17:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2018ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ایکسائز و ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے خواتین کے حقوق و توقیر یقینی بنانے کیلئے متعددقوانین پنجاب اسمبلی سے منظور کرائے ہیں، کھیل، تعلیم اور ملازمتوں کے مواقع سمیت ہر شعبہء زندگی میں خواتین کی نمائندگی میں ہر آنے والے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے ،لڑکیوں کے تعلیمی اداروں میں سپورٹس سمیت ہر قسم کی نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ نے لڑکیوں میں اعتماد کے ساتھ زندگی میں آگے بڑھنے کا حوصلہ اور سلیقہ پیدا کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنئیرڈ کالج کی سالانہ کھیلوں کے موقع پر طالبات و اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پرنسپل ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ، سابق پرنسپل میرا فیلبوس،خواتین قومی کھلاڑیوں اور طالبات نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کھلاڑیوں کے درمیان مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوئے جن میں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں صوبائی وزیر نے انعامات تقسیم کیے۔

طالبات اور فیکلٹی کے درمیان رسہ کشی کا مقابلہ بھی ہوا جس میں فیکلٹی کی ٹیم فاتح قرار پائی۔ صوبائی وزیر نے بھی اس موقع پر میوزیکل چیئرکے کھیل میں حصہ لیا۔ طالبات سے خطاب کرتے ہوئے میاں مجتبیٰ شجاع نے کہا کہ کنئیرڈکالج نے کئی قومی اور بین الاقوامی سطح کی نامور خواتین کھلاڑی پیدا کی ہیں جس کی بنیادی وجہ اس شاندار ادارے میں سپورٹس کے شعبے کو خاص اہمیت دینا اور اس مقصد کیلئے درکار سہولیات کی فراہمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت معاشرے میں ہر قسم کے صنفی امتیاز کے خلاف اقدامات اٹھا رہی ہے ۔انہوں نے خواتین کے حصہ ڈالے بغیر کوئی قوم آگے بڑھنے کا تصور بھی نہیں کر سکتی ۔ وزیر اعلی پنجاب نے تعلیم سمیت ہر شعبے میں میرٹ اورصرف میرٹ کو رواج دیا ہے جس کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ آج غریبوں کے ہونہار بچے اور بچیاں بھی تعلیم اور کھیلوں میںمساوی مواقع سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس مائینڈ سیٹ کو تبدیل کرنے کی اشد ضرورت ہے کہ خواتین کا کردار محض گھروں کے اندر ہی ہے حقیقت یہ ہے کہ خواتین نے ہر قسم کے حالات اور ماحول میں ہمیشہ ثابت قدمی سے شاندار کارکردگی دکھائی ہے اور مردوں کے شانہ بشانہ قومی ترقی میں نمایاں حصہ لیا ہے ۔ تقریب سے پرنسپل ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ نے بھی خطاب کیا۔
وقت اشاعت : 09/02/2018 - 17:07:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :