شیکھر دھون نے کیریئر کے 100ویں ون ڈے کو سنچری سے یادگار بنا لیا، سوویں میچ میں سنچری بنانے والے بھارت کے پہلے اور دنیا کے نویں کھلاڑی بن گئے، ڈریوڈ کی زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ بھی توڑ دیا

ہفتہ 10 فروری 2018 19:40

جوہانسبرگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 فروری2018ء) بھارتی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین شیکھر دھون نے کیریئر کے 100 ویں ون ڈے کو سنچری سے یادگار بنا لیا، سوویں میچ میں سنچری بنانے والے بھارت کے پہلے اور دنیا کے نویں کھلاڑی بن گئے، اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے سابق ہم وطن بلے باز راہول ڈریوڈ کی زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ بھی توڑ دیا، دھون نے گزشتہ روز جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں سنچری بنا کر یہ کارنامہ انجام دیا، ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے گرینیج، کرس گیل، رمنریش سروان، نیوزی لینڈ کے کرس کینز، پاکستان کے محمد یوسف، سری لنکا کے کمار سنگاکارا، انگلینڈ کے ٹریسکوتھک اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر کو بھی 100ویں ون ڈے میں سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہے، دھون نے راہول ڈریوڈ کی زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا، اسطرح وہ ایک روزہ کرکٹ میں زیادہ سنچریاں بنانے والے ساتویں بھارتی کھلاڑی بن گئے ہیں، ڈریوڈ نے 12 سنچریاں بنا رکھی تھیں جبکہ دھون نے پروٹیز کے خلاف کیریئر کی 13ویں سنچری داغی۔

(جاری ہے)

ٹنڈولکر 49 سنچریوں کے ساتھ سرفہرست ہیں، ویرات کوہلی 34 سنچریاں بنا کر دوسرے، سارو گنگولی 22 سنچریاں بنا کر تیسرے، روہت شرما 16 سنچریوں کے ساتھ چوتھے، سہواگ 15 سنچریوں کے ساتھ پانچویں اور یووراج سنگھ 14 سنچریوں کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔
وقت اشاعت : 10/02/2018 - 19:40:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :