ویرات کوہلی نے اظہرالدین اور گیل کے زیادہ ون ڈے رنز کا ریکارڈ توڑ دیا، بطور کپتان زیادہ رنز بنانے والے چوتھے بھارتی کرکٹر بھی بن گئے

ہفتہ 10 فروری 2018 19:40

ویرات کوہلی نے اظہرالدین اور گیل کے زیادہ ون ڈے رنز کا ریکارڈ توڑ دیا، بطور کپتان زیادہ رنز بنانے والے چوتھے بھارتی کرکٹر بھی بن گئے
جوہانسبرگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 فروری2018ء) بھارتی ٹیم کے کپتان اور سٹار بلے باز ویرات کوہلی نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سابق ہم وطن کھلاڑی محمد اظہرالدین اور ویسٹ انڈیز بلے باز کرس گیل کے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑ دیا، اسطرح کوہلی زیادہ رنز بنانے والے بھارت کے پانچویں اور دنیا کے 16ویں بلے باز بن گئے، انہوں نے گزشتہ روز جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 75 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر یہ اعزاز حاصل کیا، اظہرالدین نے 9378 اور گیل نے 9420 رنز بنا رکھے تھے جبکہ کوہلی نے 206 میچز میں 34 شاندار سنچریوں اور 46 نصف سنچریوں کی مدد سے 9423 رنز بنا رکھے ہیں، بھارت کی جانب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز سچن ٹنڈولکر کو حاصل ہے جنہوں نے 18426 رنز بنا رکھے ہیں، گنگولی 11363 رنز بنا کر دوسرے، راہول ڈریوڈ 10889 رنز بنا کر تیسرے اور مہندرا سنگھ دھونی چوتھے نمبر پر ہیں، اس کے ساتھ ساتھ کوہلی بطور کپتان زیادہ رنز بنانے والے چوتھے بھارتی کرکٹر بھی بن گئے، انہوں نے راہول ڈریوڈ کا بحیثیت کپتان زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑ دیا، ڈریوڈ نے 2658 رنز بنا رکھے تھے جبکہ کوہلی نے بطور کپتان 47 میچز کی 44 اننگز میں 2703 رنز بنا رکھے ہیں، دھونی 6633 رنز بنا کر پہلے، اظہرالدین 5169 رنز بنا کر دوسرے اور گنگولی 5104 رنز بنا کر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

وقت اشاعت : 10/02/2018 - 19:40:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :