راشد خان کی تباہ کن بائولنگ، افغانستان نے زمبابوے کو تیسرے ون ڈے میں 6 وکٹوں سے ہرا دیا، افغانستان کو پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل، راشد کی 5 وکٹیں، میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

منگل 13 فروری 2018 21:34

راشد خان کی تباہ کن بائولنگ، افغانستان نے زمبابوے کو تیسرے ون ڈے میں 6 وکٹوں سے ہرا دیا، افغانستان کو پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل، راشد کی 5 وکٹیں، میچ کے بہترین کھلاڑی قرار
شارجہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) راشد خان کی تباہ کن بائولنگ کے بعد رحمت شاہ اور ناصر جمال کی شاندار بلے بازی کی بدولت افغانستان نے زمبابوے کو تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی، فاتح ٹیم نے 155 رنز کا آسان ہدف 28ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، رحمت شاہ نے 56 اور ناصر جمال نے 51 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، راشد خان نے تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

منگل کو شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ میں زمبابوین ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 34.3 اوورز میں 154 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، کریگ ایرون 39 اور سکندر رضا 38 رنز بنا کر نمایاں رہے، ہملٹن مسکڈزا 9، سولومون میر 22، برینڈن ٹیلر 9، ریان برل صفر، میلکم والر ایک، کپتان گریم کریمر 2، ٹنڈئی چتارا 11 اور برائن ویٹوری 15 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، راشد خان نے 5 مجیب الرحمان نے 3 دولت زدران اور گلبدین نائب نے ایک، ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جواب میں افغانستان نے مطلوبہ ہدف 28ویں اوور کی تیسری گیند پر 4 وکٹوں پر حاصل کیا، رحمت شاہ 56 اور ناصر جمال نے 51 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں، محمد نبی 18 اور نجیب اللہ زدران 8 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ چتارا نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
وقت اشاعت : 13/02/2018 - 21:34:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :