آسٹریلیا نے سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز کے پانچویں میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز بنائے ،کینگروز نے ہدف 18.9 اوورز میں 5 وکٹوں پر باآسانی حاصل کر لیا

جمعہ 16 فروری 2018 18:08

آسٹریلیا نے سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز کے پانچویں میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی
آکلینڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2018ء) آسٹریلیا نے سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز کے پانچویں میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔آکلینڈ کے ایڈن پارک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز بنائے جس کے جواب میں کینگروز نے ہدف 18.9 اوورز میں 5 وکٹوں پر باآسانی حاصل کیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر اور آرکی شارٹ نے اننگز کا آغاز کیا اور جارحانہ انداز اپناتے ہوئے کیویز بولروں کی خوب پٹائی لگائی، دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ پر 121 رنز جوڑے تو وارنر 24 گیندوں پر 59 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 4 چوکے بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

وارنر کے آئوٹ ہونے کے بعد نئے آنے والے بلے باز کرس لین نے بھی جارحانہ انداز اپنایا لیکن وہ صرف 18 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، گلین میکسویل 31 اور مرکس اسٹونس 4 رنز بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ ایرون فنچ 36 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے آرکی شارٹ نے صرف 44 گیندوں پر 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 76رنز بنائے اور نمایاں اسکورر رہے جبکہ اس شاندار کارکردگی پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساتھی، ایش سودی، ٹرینٹ بولٹ اور گرینڈ ہوم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل نیوزی لینڈ نے بیٹںگ کی تو اوپننگ بلے باز مارٹن گپٹل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 54گیندوں پر 9چھکوں اور 4چوکوں کی مدد سے 105رنز بنائے جبکہ کولن منرو 76، ٹم سیفرٹ 12، مارک چیپمین 16، گرینڈ ہوم 3 اور کپتان کین ولیمسن ایک رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔
وقت اشاعت : 16/02/2018 - 18:08:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :